آلوسہ بانڈی پورہ میں 17سالہ طالب علم کی نعش پُر اسرا ر حالت میں برآمد
ٹریفک حادثات میں 10سالہ لڑکے سمیت 2ہلاک
سرینگر؍09؍جون؍ جے کے این ایس؍؍ آلوسہ بانڈی پورہ میں 17سالہ طالب علم کی نعش پُر اسرار طورپر برآمد ۔ پولیس نے دفعہ 174کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ دریں اثنا ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران 2افراد اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جے کے این ایس کے مطابق آلوسہ بانڈی پورہ اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب سیب کے باغ سے نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر بعد میں اُس کی شناخت ارشاد احمد چچی ولد محمد یوسف ساکنہ ہلمت پورہ آلوسہ کے بطور کرکے قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد میت لواحقین کے حوالے کی۔پولیس ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی نوجوان کی ہلاکت کے بارے میں کچھ کہا جاسکتا ہے۔ ادھر نینو کار زیر نمبر HP32B-2176نے راہ چلتے تاجہ بیگم زوجہ عبدالغنی شیخ ساکنہ درد پورہ کرالہ پورہ کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوئی اگر چہ اسے فوری طورپر سرینگر منتقل کیاگیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ ادھر ٹپر زیر نمبر JK04A-9937نے دس سالہ لڑکے یاور یاسین ولد محمد یاسین ساکنہ بزگو چاڈورہ کو ٹکر مار کر موقعے پر ہی موت کی وادی میں پہنچا۔ پولیس نے نعش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت لواحقین کے حوالے کی ۔ جونہی لڑکے کی نعش اُس کے آبائی گھر منتقل کی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں بعد میں دس سالہ لڑکے کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ۔
Comments are closed.