نوجوان کی ہلاکت کے خلاف شوپیاں میں ہڑتال اور جھڑپیں
سی آر پی ایف گاڑی پر نوجوانوں نے پتھراو کیا 11اہلکار زخمی
سرینگر؍08؍جون؍ نوجوان کی ہلاکت کے خلاف پہاڑی ضلع شوپیاں میں دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئیں اس دوران پتھراو کے بھی واقعات رونما ہوئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق شوپیاں میں نوجوانوں نے سی آر پی ایف گاڑی پر پتھراو کیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا جس کی وجہ سے 11اہلکار مضروب ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کرناپڑا ۔ جے کے این ایس کے مطابق پہاڑی ضلع شوپیاں میں نوجوان کی ہلاکت کے خلاف دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال سے زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی۔ معلوم ہوا ہے کہ دوسرے روز بھی ضلع میں دکانیں، کاروباری ادارے بند رہنے سے سڑکیں سنسان پڑی رہیں اور گاڑیاں بھی نظر نہیں آئیں۔ ممکنہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے ضلع میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری تعداد تعینات کی گئی تھی البتہ لوگوں کے چلنے پھرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں تھی ۔ دن میں کئی بار پتھراو اور جھڑپوں کے واقعات رونما ہوئے ۔ صبح سڑکوں پر جب گاڑیاں چلنی شروع ہوئیں تو کچھ نوجوان سڑکوں پر اُتر آئے اور گاڑیوں پر پتھراو کیا جس کے نتیجے میں کئی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے ۔ ادھر شوپیاں بازار میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب مشتعل ہجوم نے سی آر پی ایف گاڑی پر دھاوا بول کر شدید پتھراو کیا اس دوران ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سڑک پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سماج دشمن عناصر نے سی آر پی ایف گاڑی پر پتھراو کیا جس کی وجہ سے کئی اہلکار زخمی ہوئے ۔
Comments are closed.