ولر ہامہ پہلگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا

مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ فورسز اہلکار خالی ہاتھ واپس لوٹ آئے
سرینگر؍08؍جون؍ولر ہامہ پہلگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دور ان تشدد بھڑک اٹھا فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ لوگوں کے تیور دیکھ کر فورسز نے آپریشن ختم کیا ۔ ذرائع کے مطابق علاقہ میں موجود عسکریت پسند پولیس وفورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق تلاشی آپریشن سے واپسی کے بعد نوجوانوں نے فورسز پر پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا گیا ۔ جے کے این ایس کے مطابق جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس وفورسز نے ولر ہامہ پہلگام گاؤں کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران مقامی لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے جلوس نکالنے کی کوشش کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس پر احتجاج کرنے والے مشتعل ہوئے اور پتھراو کیاجنہیں منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آس پاس علاقوں میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ لوگوں کے تیور دیکھ کر پولیس وفورسز نے جنگجو مخالف آپریشن ختم کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقہ میں موجود جنگجو پولیس وفورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تاہم دفاعی ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران ولر ہامہ پہلگام گاؤں میں گھر گھر تلاشی لی گئی اس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق آپریشن سے واپسی کے دوران پہلگام کے نزدیک نوجوانوں نے فورسز پر پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے ہلکا لاٹھی چارج کیا گیا۔

Comments are closed.