جموں کے پانچ اضلاع میں قیامت صغریٰ بپا ، تیز آندھی اور بجلی گرنے کے نتیجے میں 7افراد لقمہ اجل متعدد زخمی ، درجنوں مویشی ہلاک

450رہائشی مکانات اور سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ بادل گرجنے کی خوفناک آوازیں سن کر لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے
سرینگر؍08؍جون:جموں کے ادھم پور، راجوری ، ریاسی ، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں تیز بارشوں اور آندھی نے قہر بپا کردیا 7افراد ہلاک درجنوں زخمی ۔ تیز آندھی چلنے کے باعث 450مکانات اور سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اکھنور ، نگروٹہ ، سانبہ ، کھٹوعہ ، بلاور ، بسولی میں میوہ باغات تباہ وبرباد ہو کر رہ گئے ۔ جموں کے مختلف اضلاع میں بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم کیونکہ جگہ جگہ بجلی پول گرنے کے باعث ترسیلی لائنوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق تیز بارشوں اورآندھی نے جموں کے چھ اضلاع میں قہر بپا کردیا ہے۔ نمائندے کے مطابق بدھوار شام دیر گئے تیز آندھی کے ساتھ ہی آسمانی بجلی گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے جموں کے مختلف اضلاع میں لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے ۔ نمائندے کے مطابق ادھم پور میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 30مویشی ہلاک ہوئے جبکہ ایک درجن درخت گرنے کے باعث رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ معلوم ہوا ہے کہ ادھم پور میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 45سالہ کھیم راج ولد راملو ساکنہ لاپ اور ہیم راج عرف منا ولد گورن دتا موقعے پر ہی ہلاک ہوئے ۔ اس دوران ڈاڈو ادھم پور میں محمد حسین ولد موسیٰ گوجر کے چار گائے تیز بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ ادھم پور کے مروٹھی ، لاتی ، ڈوڈو علاقوں میں 60رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ دو درجن سے زائد سرکاری عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ادھم پور کے دور درازعلاقوں میں تیز آندھی نے اس قدر قہر بپا کردیا ہے کہ درجنوں رہائشی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں اور لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رام نگر میں 2سو رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کالی داس ولد امرو رام ساکنہ گورڈی رام نگر بھاری برکم درخت کے نیچے آگیا جس کے نتیجے میں اُس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی ۔ تحصیلدار رام نگر رامیش سنگھ کے مطابق تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں رام نگر میں ہی کل ملا کر 194رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک شخص کی موت بھی واقع ہوئی ۔ گورنمنٹ مڈل اسکول سانگا میں روی کمار اور اُس کی بیوی رہائشی مکان کا چھت گرنے کے باعث زخمی ہوئے ۔ اطلاعات کے مطابق ریاسی میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاسی کے پونی ، ارناس ، بڈا اور ماہور میں آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 24سالہ خان بہادر ولد علی محمد ساکنہ برنالی موقعے پر ہی ہلاک ہوا جبکہ ریاسی ضلع میں 150رہائشی مکانات اور سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ریاسی کوندر کمار کے مطابق دو سو کے قریب رہائشی مکانات کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تیز آندھی اور آسمانی بجلی گرنے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور محکمہ مال کے ٹیموں کو فوری طورپر نقصان کا تخمینہ لگانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔ راجوری سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں منیر حسین اور اُس کی سات سالہ بچی شاہینہ اختر موقعے پر ہی جھلس کر لقمہ اجل ہوئے ۔ اس دوران راجوری کے متعدد گاؤں میں درجنوں مویشیوں کو پانی کے تیز بہاو نے اپنے ساتھ بہا کر لیا ۔ اطلاعات کے مطابق کٹھوعہ میں چالیس رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ ایس ڈی ایم اجیت سنگھ کے مطابق چھ مکانات زمین بوس ہو گئے جبکہ 34کو جزوی طورپر نقصان پہنچا ۔

Comments are closed.