موجودہ سیاسی اور تحریکی صورتحال انتہائی نازک :میر واعظ
رواں جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے فکری یکسوئی ناگزیر
سرینگر:۳۰،مئی:/ میرواعظ نے موجودہ سیاسی اور تحریکی صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے فکری یکسوئی ناگزیر ہے ۔کے این این کو بھیجے گئے بیان کے مطابق جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل کے سرکردہ عہدیداروں، ورکنگ کمیٹی اراکین اور حلقہ صدور کا ایک غیر معمولی اجلاس تنظیم کے مرکزی دفتر میرواعظ منزل راجوری کدل پر تنظیم کے سربراہ و حریت چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے میرواعظ نے اپنے خطاب میں میرواعظ نے موجودہ سیاسی اور تحریکی صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے کارکنان پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور فکری یکسوئی کے ماحول کو قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کو اجتماعی طور پر آگے بڑھانے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورے کرنے کی کوشش کریں۔اجلا س میں گزشتہ جمعہ کو کشمیری مسلمانوں کی عظیم دینی و روحانی عبادتگاہ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں پیش آئے سانحہ جس میں سرکاری فورسز کی بلا اشتعال ٹیئر گیس شیلنگ اور پیلٹ گن کے اندھا دھند استعمال کے نتیجے میں درجنوں افراد شدید زخمی ہو گئے اور پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیداہوا کی ،شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت جان بوجھ کر جمعتہ المبارک کے موقعہ پر اس پورے علاقے میں فورسز کی بھاری جمعیت کو تعینات کرکے ایسا ماحول پیدا کرتی ہے جس سے تناؤ اور کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے اور پھر اس طرح فورسز اور پولیس اپنے مذموم مقاصد حاصل کرتی ہے ۔اجلاس میں تمام ائمہ مساجد، خانقاہوں، آستانوں اور امام باڑوں کے ذمہ داروں اور عام مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ وہ 17 ماہ رمضان المبارک کو پنچ وقتہ نمازوں میں حضرت مفسر قرآنؒ اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی ، غلبہ اسلام اور وطن کی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔اجلاس میں رواں تحریک آزادی ، موجودہ سیاسی و تنظیمی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ امسال بھی تحریک حریت کشمیر کے اولین بانی و ممتاز دینی و سیاسی رہنما مفسر قرآن ،مہاجر ملت میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ صاحب کا ۵۱ویں یوم وصال منانے کے حوالے سے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مہاجر ملت میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ اور تنظیم کے بانی رہنما شہید ملت جناب میرواعظ مولانا محمد فاروق اور دیگر جملہ شہدائے وطن کی یاد میں ۱۶ مئی ۲۰۱۸ء بروز جمعہ کو مرکزی جامع مسجد سرینگر میں قرآن خوانی کی ایک نورانی مجلس آراستہ کی جائیگی جبکہ 17 مئی کو بروز سنیچروار حسب پروگرام تاریخی عالی مسجد عیدگاہ سرینگر میں ایک یادگاری جلسے میں حضرت مہاجر ملت کو انکے ۵۱ویں یوم وصال اور تحریک آزادی کشمیرکے دیگر سرکردہ رہنماؤں کو انکی گرانقدر خدمات کیلئے شایان شان طور پر خراج عقیدت پیش کیا جائیگا جبکہ جلسے سے قبل جناب میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق حق و باطل کی اولین جنگ ، معرکہ بدر کے واقعات پر اپنے وعظ و تبلیغ کے دوران تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ بیان کے مطابق جبکہ اس دوران آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کے سابق صدر مہاجر ملت میرواعظ مولوی محمد یوسف شاہ کی برسی کو عقیدت و احترام سے منانے کیلئے حکومتی سطح پرہدایات جاری کی ہیں اور اس سلسلے میں یکم جون۱۶ رمضان کو شام ۶ بجے میونسپل کارپوریشن ہال مظفر آباد میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام ایک پر وقار تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں وزیراعظم موصوف تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے اور آزاد کشمیر اور پاکستان کی سرکردہ سیاسی اور دینی شخصیات مرحوم میرواعظ کو عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے۔
Comments are closed.