محکمہ صحت میں لاکھوں روپے مالیت کا اسکنڈل بے نقاب
بلاک میڈیکل آفس بڈگام میں تعینات سینئر اسسٹنٹ کے خلاف کیس درج،رہائش گاہ پر چھاپہ
بڈگام:۳۰،مئی:/ محکمہ صحت میں لاکھوں روپے مالیت کا اسکنڈل بے نقاب کرتے ہوئے ریاستی ویجی لینس تنظیم نے بلاک میڈیکل آفس بڈگام میں تعینات سینئر اسسٹنٹ کے خلاف کیس درج کردیا ۔مذکورہ سینئر اسسٹنٹ پر الزام ہے کہ اُس نے جعلی ماہانہ تنخواہ بلیں بنا کر سرکاری ٹریجری سے لاکھوں روپے نکا ل کر ہڑپ کرلئے جبکہ مذکورہ افسر کی رہائش گاہ واقع چھانہ پورہ سرینگر پر چھاپہ بھی ڈالا گیا ،جہاں سے اہم دستاویزات کو ضبط کیا گیا ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق ریاستی ویجی لینس آرگنائزیشن نے لاکھوں روپے خرد برد کرنے کے ایک معاملے میں بلاک میڈیکل آفس (بی ڈی او ) بڈگام میں تعینات موجودہ سینئر اسسٹنٹ فیروز احمد حکاک کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ویجی لینس آر گنائزیشن نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ ’مشترکہ اچانک چیکنگ‘ کے دوران یہ پایا گیا ہے بلاک میڈیکل آفس بڈگام میں تعینات سینئر اسسٹنٹ نے بے ضابطگیاں عمل میں لاکر خزانہ عامرہ سے ماہانہ تنخواہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے نکال کر ہڑپ کئے ۔بیان میں کہا کہ یہ رقم ملازمین کی ماہانہ تنخواہ کی تقسیم کاری کی بنیاد پر جعلی تنخواہ بلیں بنا کر نکالی گئی۔ویجی لینس کے مطابق جعلی طور پر یہ رقم خزانہ عامرہ سے نکالی گئی اور اس مقصد کیلئے ڈی ڈی او ،بی ایم او بڈگام کا کھاتہ استعمال کیا گیا جبکہ یہ رقم اُن ملازمین کے نام پر نکالی گئی ،جو کہیں موجود ہی نہیں ہیں ،یعنی فرضی ملازمین کے نام پر خزانہ عامرہ سے ماہانہ تنخواہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کی رقم نکال کر ہڑپ کر لی گئی ہے ۔اس سلسلے میں ویجی لینس نے پی سی ایکٹ کے سیکشن (1)(C)،5(1)(d)،420،120B،آر پی سی ،پی سی ایکٹ سموات 2006کے سیکشن5(2)کے تحت سینئر اسسٹنٹ فیروز احمد حکاک کے خلاف ویجی لینس آرگنائز یشن کے پولیس تھانہ میں ایک ایف آئی آر 22/2018درج کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس مزید تحقیقات عمل میں لانے کی غرض سے درج کیا گیا ہے ۔ویجی لینس آر گنائزیشن کے مطابق دوران تفتیش تلاشی وارنٹ کے تحت 30مئی کو مذکورہ ملزم کی رہائش گاہ واقع چھانہ پورہ سرینگر پر چھاپہ ڈالا گیا ،جہاں سے اہم دستاویزات ،بینک کھاتہ پاس بک ،اے ٹی ایم کارڈس وغیرہ ضبط کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزم کی گرفتاری نافذ العمل ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کردی گئی ۔
Comments are closed.