محکمہ بجلی کاایک اورعارضی ملازم دوران ڈیوٹی جھلسنے کے بعدلقمہ اجل

غمزدہ کنبے کی ڈھارس بندھائی کیلئے بجلی انجینئراورنہ مقامی ممبراسمبلی آیا:ڈانگرپورہ سوپورمیں ماتم

سوپور:۳۰،مئی: محکمہ بجلی کاایک اورعارضی ملازم دوران ڈیوٹی لقمہ اجل بن گیالیکن محکمہ کاکوئی انجینئرغمزدہ کنبے کاحال پوچھنے تک نہیں آیاجبکہ مقامی ممبراسمبلی نے بھی اپنے آبائی علاقہ کے فوت شدہ غریب ملازم کے ہاں ڈھارس بندھائی کیلئے جانے کی زحمت تک گوارانہیں کی۔کے این این کومعلوم ہواکہ محکمہ بجلی میں22برسوں سے عارضی بنیادپرتعینات ایک غریب ڈیلی ویجر52سالہ غلام محمدگنائی ولدعبدالعزیزساکنہ پنڈت محلہ ڈانگرپورہ سوپور آبائی علاقہ ڈانگرپورہ کے بڈشاہ محلہ میں رواں ماہ کی22تاریخ کونقص زدہ بجلی ترسیلی لائن کی مرمت کررہاتھاکہ بجلی کرنٹ لگنے سے وہ دوران ڈیوٹی شدیدطورپرجھلس گیا۔بزرگ بیوہ ماں ،اہیہ اور دیگرافرادخانہ کے واحدکفیل غلام محمدگنائی کونازک حالت میں سوپورسب ڈسٹرکٹ اسپتال سے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیاجہاں اسکوزیرایم آرڈی نمبر1046712انسٹی چیوٹ کے یونٹ نمبر7کے ایک وارڈمیں داخل کیاگیا۔غمزدہ اہل خانہ نے بتایاکہ صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ کے ڈاکٹروں نے غریب ڈیلی ویجرکی جان بچانے کیلئے اپنی جانب سے ہرممکنہ علاج ومعالجہ فراہم کیا،اورباون سالہ غلام محمدیہاں برابرایک ہفتے تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاء رہ کرزندگی کیلئے جنگ لڑٹارہا۔اس دوران تمام ترمالی مشکلات کے باوجودافرادخانہ غلام محمدگنائی کیلئے ڈاکٹروں کی جانب سے تجویزکردہ ادویات بازارسے لاتے رہے۔ لیکن کاتب تقدیرکوکچھ اورہی منظورتھا،کیونکہ ڈاکٹروں کی تمام ترکوششوں کے باوجودمحکمہ پاؤرڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کایہ 22سالہ پراناڈیلی ویجر7روزبعدیعنی28مئی کوعلی الصبح صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں زندگی کی جنگ ہارکر80سالہ بزرگ ماں کواس ضعیف العمری میں ،شریک حیات50سالہ صبی بیگم،تین بیٹیوں اور11ویں جماعت میں زیرتعلیم 18سالہ بیٹے زبیراحمدگنائی کوداغ مفارقت دے گیا۔دوران ڈیوٹی جاں بحق ہوئے مرحوم غلام محمدگنائی کے غمزدہ لواحقین نے بتایاکہ ہم پچھلے تین دنوں سے ماتم کناں ہیں لیکن ابتک محکمہ بجلی کاکوئی انجینئرہماری ڈھارس بندھائی کیلئے یہاں تک نہیں آیاجوکہ انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ غلام محمدنے اس محکمہ کواپنی زندگی کے22سال معمولی اُجرت ے باجوددئیے اورڈیوٹی انجا م دینے کے دوران وہ جھلسنے کے بعدلقمہ اجل بن گیا۔اُدھرماتم کناں کنبے کی ڈھارس بندھائی کیلئے یہاں روزانہ آنے والے لوگوں نے بتایاکہ ہمارے لئے یہ بات بھی تکلیف دہ اورافسوسناک ہے کہ ممبراسمبلی سوپورجس کاآبائی گاؤں بھی ڈانگرپورہ ہے ،نے کچھ وقت نکال کراس کنبے کی ڈھارس بندھائی کیلئے یہاں آنے کی ابتک زحمت گوارانہیں کی ۔مقامی لوگوں نے مطالبہ کیاکہ لگ بھگ2دہائیوں تک محکمہ بجلی میں عارضی بنیادپرخدمات انجام دینے والے فوت شدہ ملازم مرحوم غلام محمدگنائی کے کنبے کومعاوضہ اورایک فردکوسرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔

Comments are closed.