سرینگر یکم دسمبر : لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک کو آج ضروری طبی تشخیص کیلئے خیبر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے ضروری ٹیسٹ کئے۔یاسین ملک جو کئی روز سے پولیس تھانہ مائسمہ کے ایک چھوٹے سے کمرے میں اسیر رکھے جارہے ہیں حالیہ اسیری سے انتہائی کمزور اور لاغر ہوچکے ہیں اوروہ کے کمر کے شدید درد میں مبتلا ہیں۔ ایک چھوٹے سے کمرے جہاں وہ چند قدم چلنے سے بھی قاصر ہیں نے ان کے پہلے سے ہی خراب صحت کو مذید خطرات سے لاحق کردیا ہے ۔یہ بات واضح رہے کہ فرنٹ چیئرمین دل کے عارضے کے دائمی شکار ہیں جس کی وجہ سے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خون پتلا کرنے کی ادویات لینی پڑتی ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے انہیں اس ضمن میں لگاتار طبی ٹیسٹ کراتے رہنے کی بھی ہدایات دے رکھی ہیں۔خیبر ہسپتال میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جس میں یاسین صاحب کے ذاتی معالج ڈاکٹر اوپندر کول جی بھی شامل تھے نے ان کے خون کے نمونے لئے جب کہ ان کا, ECHO, INR USGاور دوسرے ضروری ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ تشخیص نے اُن کے دونوں گردوں میں پتھریاں ہونے کا انکشاف کررکھاہے جبکہ ان کا آئی این آر بھی معمول کے مطابق نہیں ہے جس کی وجہ سے ڈاکٹر نے انہیں کچھ ضروری ادویات فی الحال نہ لینے کا مشورہ دیا ہے۔علاوہ ازیں کچھ نمونوں کی رپورٹ چند ایام میں آنے کی توقع ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بار بار کی گرفتاریاں اور ایک کمرے تک محدود کرکے انہیں محدود حرکت تک سے محروم کردینے کے عمل نے انہیں نہ صرف کمزور کردیا ہے بلکہ ان کے کمر میں شدید درد کی وجہ بھی یہی ہے۔بہرحال طبی تشخیص اور ڈاکٹری ملاحظے کے معاً بعد انہیں واپس پولیس تھانہ مائسمہ منتقل کردیا گیا ہے۔ لبریشن فرنٹ کے ایک ترجمان نے یاسین صاحب کی مسلسل نظر بندی اور دوران نظر بندی انکی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاسین صاحب کو بار بار گرفتار کرنا نام نہاد حکمرانوں اور قابض انتظامیہ کا محبوب مشغلہ بن چکا ہے اور بار بار کی ان گرفتاریوں نے ان کی صحت کو بہت زیادہ نقصان سے دوچار کردیا ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔درایں اثناء پولیس نے آج لبریشن فرنٹ کے دفتر واقع آبی گزر پر چھاپہ مارا اور لبریشن فرنٹ کے زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتاری کے بعد بشیر کشمیری کو تھانہ کوٹھی باغ منتقل کردیا گیا ہے ۔ لبریشن فرنٹ نے بشیر کشمیری کی اس غیر قانونی حراست کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صریح پولیس گردی سے تعبیر کیا ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.