ہندوستان کا آج سیمی فائنل میں پاکستان سے مقابلہ

پورٹچیف اسٹروم ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چار مرتبہ کی چمپئن ہندوستانی ٹیم انڈر19 ورلڈ کپ میں کل پاکستان کے خلاف سیمی فائنل مقابلہ میں شرکت کرتے ہوئے متواتر تیسری مرتبہ فائنل میں رسائی کیلئے کوشاں ہوگی۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ٹیموں نے ناقابل تسخیر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں جہاں آسٹریلیا کو شکست دی وہیں پاکستان نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ٹورنمنٹ سے باہر کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان روہیل نظیر نے کہا ہیکہ ہندوستان اور پاکستان کے مقابلہ کو ہمیشہ ہی سخت دباؤ والا مقابلہ ظاہر کیا جاتا ہے اور یہ ایسے مقابلہ ہوتے ہیں جوکہ دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان لیتے ہیں۔ مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کرنا ٹیم کیلئے کلیدی ہوتا ہے۔ اس حقیقت سے سبھی کھلاڑی واقف ہوتے ہیں۔ پاکستانی اوپنر نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف یہ مقابلہ ایک سخت دباؤ والا مقابلہ ہوگا لیکن ہم اس مقابلہ کو ایک عام مقابلہ کی طرح کھیلیں گے۔ سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو نفسیاتی سبقت حاصل رہے گی جیسا کہ اس نے ایشیاء کپ کے مقابلہ میں گذشتہ ستمبر میں پاکستان کو شکست دیتے ہوئے خطاب حاصل کیا تھا۔ ہندوستان جوکہ اس وقت انڈر 19 ورلڈ کپ کا چمپئن ہے اور اس نے 2018ء کے مقابلہ میں پاکستان کو 203 رنز کی واضح شکست دی تھی۔ تاریخ پی ایم گارگ کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کے حق میں ہے جیسا کہ اس نے اکثر ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو باہر کا راستہ دکھایا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے اوپنر یشاسوی جیسوال کلیدی بیٹسمین ہیں کیونکہ انہوں نے چار مقابلوں میں تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں جس میں آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل کی نصف سنچری بھی قابل ذکر ہے۔ باقی کے بیٹسمین ٹورنمنٹ میں بہتر مظاہرہ نہیں کرپائے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ہندوستان کو بہتر موقف میں لایا تھا۔ اس کے بعد فاسٹ بولر تیاگی نے ٹیم کو کامیابی دلوانے والی بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ پاکستان کے فاسٹ بولر عباس آفریدی، محمد عامر خان اور تحسین ہندوستان کیلئے چیلنج ہوں گے۔

Comments are closed.