ہندوستان میں کورونا وائرس کے 50 تازہ کیس ، متاثرین کی تعداد 223 ہوگئی
نئی دہلی ۔ /20 مارچ : ہندوستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 50 تازہ کیس درج کئے گئے ہیں ۔ COVID-19 سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 223 ہوگئی ہے ۔ وزیراعظمنریندر مودی نے وباء کی روک تھام کیلئے کی جانے والی تیاریوں اور انتظامات کا چیف منسٹروں کے ساتھ جائزہ لیا ۔ انہوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے چیف منسٹروں پر زور دیا ۔ اس وائرس سے ساری دنیا میں فوت ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی اپیل پر تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں میں وباء پر قابو پانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں ۔ مہاراشٹرا میں تمام دفاتر اور دوکانوں کو بند کیا جائے گا ۔ کورونا وائرس ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ حکام کو اس وائرس کے چیلنج سے نمٹنے میں مشکل آرہی ہے ۔ میکانزم کے ذریعہ وائرس کا پتہ چلایا جارہا ہے ۔ عوام میں خوف پیدا نہ ہونے کیلئے بیداری پیدا کی جارہی ہے ۔ عوام خوفزدہ ہوکر ضروری اشیاء کا ذخیرہ کرنے لگے ہیں ۔ قائدین کی جانب سے بار بار کی جانے والی اپیلوں کے باوجود کہ وہ ضروری اشیاء کی ذخیرہ اندوزی نہ کریں ۔ عوام خوف کے عالم میں گروسری اسٹورس ، فارماسسٹ اور دیگر دوکانات پر پہونچ کر اشیاء خرید رہے ہیں ۔ وزیراعظم مودی کی جانب سے اتوار کو جنتاکرفیو کیلئے کی گئی اپیل کے جواب میں کئی تاجرین نے کہا کہ وہ اتوار کے دن اپنے کاروبار بند رکھیں گے ۔ ذرائع کے مطابق اتوار کو کوئی پاسنجر ٹرین نہیں چلائی جائے گی ۔ کورونا وائرس جن مریضوں میں پازیٹیو پایا گیا ہے ان میں 17 اٹلی سے آنے والے شہریوں کے بشمول 32 بیرونی شہری ہیں ۔ دہلی ، کرناٹک ، پنجاب اور مہاراشٹرا میں اب تک 4 اموات ہوئی ہیں ۔ دہلی میں اب تک 17 پازیٹیو کیس پائے گئے ۔ مہاراشٹرا میں 52 کیس ہوئے ہیں ۔ راجستھان میں 17 جبکہ ٹاملناڈو اور آندھراپردیش میں تین ، تین کیس درج کئے گئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ ، مہاراشٹرا کے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے ، اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ دیگر چیف منسٹروں سے ویڈیو کانفرنس پر خطاب کیا ۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی زد میں آنے والے 6700 افراد پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ ملک کے مختلف مقامات پر کورونا وائرس کے مریضوں کی زد میں آنے والے لوگوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت صحت ایل اگروال نے عوام پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم کی اپیل پر عمل کریں اور ٹول فری نمبر 1075 پر ربط پیدا کریں ۔ میں ہر شہری سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق کسی قسم کی اطلاع کیلئے مذکورہ نمبر کا استعمال کریں ۔ ملک میں ضروری اشیاء کی کوئی قلت نہیں ہے ۔ چیف منسٹروں نے وزیراعظم کو تیقن دیا کہ وہ وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کریں گے ۔ مقامی عہدیداروں اور عوام کا اس وائرس کے خلاف لڑنے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ضروری ہے ۔ وزیراعظم نے ریاستوں کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی ستائش کی اور ہیلت کیر ورکرس کی فراہمی کے ساتھ انفراسٹرکچر کو تیار رکھنے کی ہدایت کی۔
Comments are closed.