ہندوارہ میں آتشزدگی، 9 رہائشی مکان، 2 گاؤ خانے خاکستر

سری نگر، 14 جولائی

شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ علاقے میں دوران شب آگ کی ایک بھیانک واردات میں کم سے کم 9 رہائشی مکان اور 2 گائو خانے خاکستر جبکہ 7 گائے جھلس کر ہلاک ہوئیں۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہندوارہ کے راجور علاقے میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع دیگر مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد فائر ٹنڈرس جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا۔ان کا کہنا ہے کہ آگ کی اس واردات میں کم سے کم 9 رہائشی مکان جن میں 2 تین منزلہ، 5 دو منزلہ اور ایک یک منزلہ مکان شامل ہیں، اور دو گائو خانے خاکستر ہوگئے۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ اس واردات میں 7 گائے بھی جھلس کر ہلاک ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک مقامی شخص بھی زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں اور آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.