پاک افواج ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے / عارف علوی
سرینگر/26فروری/سی این آئی/ بھارتی فضایہ حدود کی خلاف ورزی پر سخت پیغام دیتے ہوئے پاکستان کے صدرعارف علوی کا کہنا ہے کہ پاک افواج اس ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ادھر پاکستان کے فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق پاکستان کی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج نے جانیں قربان کیں، ہماری افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کیسے لڑنی ہے ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ کوئی ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، پاک افواج اس ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ہم کسی بھی ملک کے بارے منفی عزائم نہیں رکھتے ، لیکن ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ادھر پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئرہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایئرچیف سے ملاقات میں آپریشنل تیاریوں، خطرات اور ان کے رد عمل پر بات کی۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فضائیہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف اور ایئرچیف نے آپریشنل تیاریوں، خطرات اور ان کے رد عمل پر بات چیت کی اور آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔دوسری جانب آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں کور کمانڈر راولپنڈی نے آپریشنل تیاریوں، ایل اے سی، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بریفنگ دی، آرمی چیف نے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
Comments are closed.