گورنر نے ترقیاتی منظرنامے کو دوام بخشنے کی ضرورت پر زور دیا

کلیدی نوعیت کے پروجیکٹوں پر فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی

جموں :گورنر ستیہ پال ملک نے ترقیاتی اقدامات کو دوام بخشنے اور زمینی سطح پر حکمرانی کے نظام میں بہتر ی لانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
گزشتہ شام ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں ترقیاتی اقدامات کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ گورنر راج کے دوران ’’ مشن فار ڈیلیونگ ڈیولپمنٹ ‘‘ کے تصور کی پیروی کی جانی چاہیئے اور ایک مونیٹرنگ نظام بھی وجود میں لایا جانا چاہیئے ۔
گورنر مشیر کے ۔وِجے کمار اور کے۔ کے۔ شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری اُمنگ نرولہ ، صحت و طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری اٹل ڈولو ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی روہت کنسل ، کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی خورشید احمد شاہ، سیکرٹری سیاحت ریگزن سمفل ، سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول فاروق احمد شاہ اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
گورنر نے کہا کہ بڑے پروجیکٹوں ، فلیگ شپ سکیموں ، وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے پروجیکٹوں اور دیگر اہم پروگراموں کو آگے لے جانے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جانی چاہئیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ایم ڈی پی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹ ، جے ٹی ایف آر پی ، توی رِوَر فرنٹ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ ، مبارک منڈی ہیرٹیج ، کنزرویشن پروجیکٹ ، جہانگیر چوک ۔ رام باغ فلائی اوور پروجیکٹ ، سری نگر ۔جموں شاہراہ کو بڑھاوادینے کا پروجیکٹ ، جھیل ڈل اور ولر کو تحفظ دینے کا پروگرام ، بجلی نیٹ ورک کو بڑھاوا دینے کے پروگراموں پر اطمینان بخش پیش رفت نہیں ہور رہی ہے لحاظ ان کی عمل آوری میں تیزی لائی جانی چاہیئے ۔
گورنر نے جموں شہر کے اندر اور اطراف میں پینے کے پانی کی سپلائی کو بڑھاواد ینے کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جاناچاہیئے تاکہ پانی کی مانگ اور سپلائی تفاوت کو کم کیا جاسکے۔
گورنر نے کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس فنڈنگ کے مختلف وسائل کے باوجود بھی اگر ان رقومات کو وقت پر صرف نہیں کیا گیا تو یہ جموں و کشمیر اور یہاں کے عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوگی ۔اُنہوں نے کہا کہ اس سہل انگاری کی وجہ سے عوام کی ناراضگی میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
ستیہ پال ملک نے ہر سطح پر جامع اور مربوط کوششیں کرنے کی ہدایات دیں تاکہ ریاست کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔اُنہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ لوگوں تک پہنچ کر اُن کے مسائل حل کریں تاکہ ترقیاتی اہداف بھی حاصل کئے جائیں ۔
گورنر نے مختلف محکموں میں شروع کئے گئے تقرری کے عوامل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔

Comments are closed.