بجلی اور پانی کی بدترین سپلائی سے لوگ پریشان، دور دراز علاقے ہنوز منقطع
سرینگر/19جنوری : ٹھٹھرتی ٹھنڈ میں بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن اور پانی کی ہاہاکار سے لوگ پریشان ہیں جبکہ حکومتی سطح پر کئے جارہے وعدے زمین پر کہیں نظر نہیں آرہے ہیں۔سی این آئی کے مطابق ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے آج شہر سرینگر کے دورے کے دوران عوام کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ اپنے دورے کے دوران راہگیروں ، دکانداروں ، مریضوں سے بات کرنے کے بعدعلی محمد ساگر نے بتایا کہ حکومت برفباری کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے لوگوں کو راحت پہنچانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر سرینگر کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی ابھی نہیں ہو پائی ہے حالانکہ میونسپلٹی حکام 24گھنٹے نکاسی پمپ چالو رکھنے کے دعوے کررہی ہے۔ انہوں نے صوبائی کمشنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر سے اپیل کی کہ وہ تازہ برفباری کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال سے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں۔ دریں اثناء پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں وادی بھر میں برفباری سے پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیااور ساتھ ہی حکومت کی طرف سے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی گئی۔جنرل سکریٹری نے مختلف اضلاع کے ضلع صدور کے ساتھ رابطہ کیا اور وہاں کی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کپوارہ، بارہمولہ، بڈگام ،بانڈی پورہ اور خطہ چناب و پیرپنچال کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں انتظامیہ اور حکومت کا کہیں نام و نشان نہیں، تمام چھوٹی بڑی سڑکیں بند پڑیں ہیں جس وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ لازمی خدمات کا کہیں نام و نشان نہیں۔جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے دونوں صوبوں کی ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ برفباری کے نتیجے میں منقطع ہوئے علاقوں اور دیہات کے ساتھ سڑک روابط بحال کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اور ساتھ ہی شہر سرینگر اور وادی کے دیگر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ انہوں نے صوبائی کمشنروں اور ضلع ترقیاتی کمشنروں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی راحت رسانی کے اقدامات کی نگرانی کریں۔ اور سرحدی علاقوں میں متعلقہ انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور ساتھ ہی ان علاقوں میں غذائی اجناس اور ادویات کا وافر سٹاک پہنچایا جائے۔ انہوں نے محکمہ بجلی کے حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ جنگی بنیادوں ایسے علاقوں میں بجلی کی مکمل سپلائی بحال کریں جہاں برفباری سے ترسیلی لائینوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اجلاس میں وسطی زون صدر علی محمد ڈار، صدرِ ضلع سرینگر پیر آفاق احمد، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار، ایڈوکیٹ عبدالرحمن تانترے اور بلاک صدور کے علاوہ کئی عہدیداران بھی موجود تھے۔
Comments are closed.