گلمرگ کیبل کار کارپوریشن ( گنڈولہ) کی ریکارڑ آمدن کے دوران اعلی آفیسر تیزی سے جائیدادیں خریدنے میں مصروف ،انسداد رشوت ستانی ایجنسیوں کی بھویں تن گئیں؟
سرینگر///کے پی ایس/
حالیہ سیاحتی سیزن کے دوران گلمرگ گنڈولہ (کیبل کار کارپوریشن) کی کارکردگی اور اسکی آمدن میں خطیر اضافہ کے بیچ کارپوریشن کے ایک اعلی آفیسر کی گھریلو جائیداد میں یکایک بے تحاشا اضافے پرانسداد رشوت ستانی ایجنسیوں کی نظریں جم گئی ہیں اورعنقریب ہی اس معاملے میں تحقیقات کابھی آغاز ممکن ہے ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گلمرگ کیبل کار کارپوریشن ( گنڈولہ ) نے حالیہ سیاحتی سیزن کے دوران ریکاڑ کمائی کی ہے لیکن ساتھ ہی دوسری جانب کارپوریشن کے ایک اعلی آفیسر نے سرینگر کی بنک کالونی راولپوارہ میںایک کنال سے زائدزمین خریدی جس کی مالیت تقریبا اڑھائی کروڑ روپے ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ آفیسر نے یہ پراپرٹی اپنی اہلیہ کے نام درج کرائی ہے تاکہ اس پر کسی کی نظر نہ پڑے ۔اسی طرح مذکورہ آفیسر نے سوپور میں اپنے بچوں کے نام مختلف مقامات پر جائیدادیں خریدی ہیں
۔جانکاروں کا کہنا ہے کہ ایک سرکاری ملازم کی آمدن ایک مخصوص طرز سے آتی ہے اور جس رفتار سے مذکورہ اعلی آفیسر زمینیں اور جائیدادیں اپنے بیوی بچوں کے نام کررہا ہے ،اس سے یہ بات پوشیدہ نہیں رہ سکتی کہ یہ کسی خفیہ اور مشکوک طرز سے کمائی جارہی آمدنی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اب تفتیشی اداروں نے اس معاملے کاسنجیدہ نوٹس لے کر مذکورہ آفیسر کیخلاف کارروائی کاآغاز کیا ہے ۔اور یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ آیا گلمرگ کیبل کار کارپوریشن(گنڈولہ ) کی آمدن کسی طریقے سے پھسل کر ایسے آفیسروں کی جیب میں کیسے پہنچ رہی ہے ۔
واضح رہے کہ شمالی کشمیر میں واقع وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ایشیا کے سب سے اونچے گنڈولہ کیبل کار پروجیکٹ نے اپریل 2022 سے مارچ 2023 تک ایک سو کروڑ روپیوں کی ریکارڈآمدن حاصل کی ہے۔اس حوالے سے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پیر کو پارلیمنٹ میں جموں وکشمیر کے لئے مالی سال 2022_2023 کا مالی بجٹ پیش کرنے کے دوران یہ انکشاف کیا۔یہ ایک بڑی بات ہے ۔اس کا مطلب یہ ہے کہ کارپوریشن (گنڈولہ )گذشتہ ایک برس سے زبردست کمائی کررہا ہے اور ہو بھی کیوں نہ ،گلمرگ میں مرکزی سرکار نے سرمائی کھیلوں کی طرف بھی خاصا دھیان دیا ہے ۔
حالیہ جاڑوں میں سرمائی کھیلوں کا ایک بین الاقوامی میلہ بھی منعقد ہوا جبکہ بیرونی مقامات سے سیاحوں کا بھاری رش بھی دیکھا جارہا ہے لیکن جس طرح مذکورہ اعلی آفیسر کی جائیدادیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ،اس سے خدشہ بڑھ گیا ہے کہ کہیں اس سرکاری آمدنی کی بھر پور نگہداشت میں کہیں چوک ہورہی ہے ۔سیاحتی کاروبارسے جڑے افراد کا کہنا ہے کہ سرکار کو اس حوالے سے غفلت شعاری کا ہر گز مرتکب نہیں ہونا چاہئے اور جتنا جلد ممکن ہوسکے گنڈولہ پروجیکٹ کے حساب و کتاب کو چست و درست طریقے سے رکھنا چاہئے اور جس اعلی آفیسر کی نئی جائیدادیں مشکوک نظر آنے لگی ہیں اس کا جلد از جلد احتساب کیا جانا چاہئے ۔ادھر گلمرگ میں موجود کاروباری حلقوں نے مذکورہ آفیسر کی دھاندلیوں سے متعلق لیفٹننٹ گورنر کو بھی تفصیلی طور پر ایک شکایتی خط ارسال کیا ہے اور مانگ کی ہے کہ ایسے کورپٹ آفیسر کی جائیدادوں کو فوری طور باریک بینی سی تحقیقات کی جائے ۔
Comments are closed.