گلمرگ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کی میزبانی کے لیے تیار
سری نگر، 6 مارچ
شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کی میزبانی کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے اور اس میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے کھلاڑی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چار دنوں پر محیط یہ کھیل 9 مارچ سے شروع ہوکر 12 مارچ کو اختتام پذیر ہوں گے ۔
یہ تقریب، جو اصل میں 22 سے 25 فروری تک ہونے والی تھی، گلمرگ میں برف کی کمی کی وجہ سے ملتوی ہوئی تھی تاہم حالیہ برفباری سے ان کھیلوں کا انعقاد ممکن ہوا۔
ان کھیلوں میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے قریب ایک ہزار کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔
جموں وکشمیر سپورٹس کونسل کے ایک ترجمان نے بتایا: ‘گلمرگ تیار ہے! تازہ برف باری اور پوری تیاری کے ساتھ جموں وکشمیرانتظامیہ اور اسپورٹس کونسل 9 سے 12 مارچ تک کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘کھلاڑی پرجوش اور بے صبری سے اس چار روزہ میگا ایونٹ کا انتظار کر رہے ہیں جو پہلے گلمرگ میں ناکافی برف باری کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا’۔
ترجمان نے کہا کہ ایتھلیٹس نے پہلے ہی مختلف ڈھلوانوں پر تربیت شروع کر دی ہے اور شدید برفانی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے تیار ہو رہے ہیں جن میں سکی کوہ پیمائی، الپائن سکینگ، سنو بورڈ اور نورڈک سکینگ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا، ‘ ایونٹ کی باضابطہ تصدیق کے بعد بہت سے کھلاڑیوں نے خوشی اور راحت کا اظہار کیا کیونکہ ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ گلمرگ کی برف سے ڈھکی ڈھلوانوں پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں’۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے ایک ایتھلیٹ راجیش پونیا گلمرگ کی ڈھلوانوں پر برف کے ڈھیر دیکھ کر پرجوش ہو گئے۔
انہوں نے کہا،’ہمیں مایوسی ہوئی جب کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے آغاز کی تاریخیں گلمرگ میں ناکافی برف کی وجہ سے پہلے ملتوی کر دی گئیں حالیہ شدید برف باری نے نہ صرف کھلاڑیوں میں ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے بلکہ اس سے زیادہ سکی سے محبت کرنے والوں کو حیرت انگیز سرزمین گلمرگ میں بھی لایا ہے’۔
شبیر احمد نامی ایک مقامی کھلاڑی نے کہا، ‘میں بہت خوش ہوں کہ یہ ایونٹ منعقد ہو رہا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ تازہ برف باری کے بعد کھلاڑی ڈھلوانوں پر ٹریننگ کرکے خاص ایونٹ کے لئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔
ظہور احمد نامی ایک اور کھلاڑی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے تمام ایتھلیٹس کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔
ایک مقامی ایتھلیٹ نعیمہ نے بھی گلمرگ میں سرمائی کھیلوں کے آغاز پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ بھی ایونٹ کے دوران تمغہ جیتیں گی۔
ایونٹ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے کھلاڑی 7 مارچ سے پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے 5 ویں ایڈیشن کا پہلا مرحلہ جنوری میں لداخ یونین ٹریٹری میں منعقد ہوا تھا۔
Comments are closed.