کے کے شرمانے آلسٹینگ گرڈ سٹیشن اور ترسیلی لائن کو وقف کرنے کے عمل کا جائزہ لیا

ترسیلی لائن کی تعمیر میں تاخیر کیلئے ٹھیکدار کو جُرمانہ کرنے اور اُس کا ٹھیکہ رد کرنے کی ہدایت دی

سری نگر: گورنرکے مشیر کے ۔کے۔ شرمانے آج یہاں آلسٹینگ گرڈ سٹیشن اور اس کی ترسیلی لائن کو کمیشن کرنے کے کام کا جائزہ لیا۔
مشیرموصوف نے اس موقعہ پر صارفین کو بہم کی جارہی بجلی سپلائی اور اس میں آئندہ مہینوں کے دوران بہتری لانے کے حوالے سے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے آلسٹینگ گرڈسٹیشن کی ٹیسٹ چارجنگ کو بھی زیرِ بحث لایا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ یہ کام جنوری کے پہلے ہفتے میں مکمل کیا جاناچاہیئے۔
مشیر موصوف کو جانکاری دی گئی کہ 220کے وی لائن جو آلسٹینگ گرڈ کے ساتھ جُڑتی ہے کو جنوری ماہ کے آخر میں وقف کیا جائے گا۔اس لائن کو انجینئر س اینڈ کنسٹرکشن اندسٹریزحید ر آباد کی طرف سے تعمیر کیا جارہا ہے۔
کے کے شرما نے میٹنگ میں کہا کہ ترسیلی لائن وقت پر مکمل نہ کرنے کے لئے اس کا کنٹرکٹ ردّ کیا جانا چاہیئے اور اس پر جُرمانہ بھی عائد کیا جانا چاہیئے ۔
مشیر نے کہاکہ گورنر ذاتی طور پر کشمیر میں بجلی صورتحال کے لئے فکر مند ہے اور اُنہوں نے ہدایات دی ہیں کہ بجلی سپلائی میں فوری طور سے بہتری لائی جائے تاکہ صارفین کو دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
میٹنگ میں سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی حشمت قاضی ، چیف انجینئر ایس اینڈ او وِنگ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مشیر موصوف نے بعد میں گرڈ سٹیشن زینہ کوٹ کا بھی دورہ کیااور وہاںکام کاج کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔
مشیر نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کے ساتھ دھرمنّا اور سویۂ بُگ علاقوں میں آلسٹینگ گرڈ سٹیشن کے ساتھ جڑنے والی لائن کی تعمیر میں حائل رُکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ فور ی طور سے ان رُکاوٹوں کو دُورکریں۔
مشیر موصوف نے رکھہ آرتھ میں ڈل مکینوں کی کالونی کا بھی دورہ کیا اور ڈی سی بڈگا م نے اُنہیں ڈل مکینوں کی باز آباد کاری کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں جانکاری دی۔

Comments are closed.