کے۔وِجے کمار نے اننت ناگ میں ایس ڈی ایچ ڈورو اور آر ای اے ہسپتال کا دور ہ کیا

اننت ناگ : گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے آج نئی تعمیر شدہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈورو کی عمارت کا معائینہ کیا ۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور سی ایم او اننت ناگ نے مشیر موصوف کو بتایا کہ ایس ڈی ایچ ڈورو کی نئی عمارت 21.17کروڑ روپے کی رقم سے تعمیر کی جارہی ہے اور یہ پروجیکٹ پولیس ہاوسنگ کارپوریشن نے ہاتھ میں لیا ہے۔اس کے علاوہ مرکزی عمارت کی تعمیر ، فلڈ پروٹیکشن کام ، سڑکوں کو ترقی دینے وغیر ہ بھی اس پروجیکٹ میں شامل ہے۔
ایم ایل اے ڈورو سید فاروق اندرابی بھی اس موقعہ پر مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق کئی معاملات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مشیر موصوف کو ہسپتال کے لئے سینٹرل ہیٹنگ سسٹم و دیگر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی۔
مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ نئی عمارت میں جدید طبی سہولیات جن میں سی ٹی سکین ،ڈیجیٹل ایکسرے، بلڈ بینک، اوپریشن تھیٹر ، مردانہ و زنانہ وارڈ ، لیبارٹری اور دیگر بنیادی طبی سہولیات شامل ہیں موجود رہیں گی۔
اوقاف کمیٹی ڈورو اور ٹریڈرس فیڈریشن ڈورو کے کئی وفود بھی وِجے کمار سے ملاقی ہوئے اور اپنے درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔
بعد میں مشیر موصوف نے رحمت عالم ( آر ای اے ) ہسپتال اننت ناگ کا دورہ کیا جس کا تعمیراتی کام جے کے پی سی سی انجام دے رہا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ میٹرنیٹی اور چائیلڈ کیئریر ہسپتال شار باغ اننت ناگ کو رحمت عالم ہسپتال اننت ناگ کی تعمیراتی کام مکمل ہونے پر منتقل کیا جائے گا ۔
وِجے کمار اننت ناگ میں ڈی آئی جی ساوتھ ہیڈ کوارٹرس میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ساوتھ کشمیر میں موجودہ سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ایس ایس پی اننت ناگ ، سی ایم او اننت ناگ اور مختلف محکموں کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔

Comments are closed.