کپوارہ کا مبینہ بہروپیہ،دھوکے بازاورجعلساز اوڈیسہ میں گرفتار
سری نگر:۶۱، دسمبر:
کپوارہ کے ایک مبینہ بہروپئے،دھوکے بازاورجعلساز کو اوڈیسہ کرائم برانچ کی اسپیشل ٹاسک فورس نے کچھ مشتبہ ملک مخالف عناصر کے ساتھ روابط رکھنے کی پاداش میںگرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ اڈیشہ کرائم برانچ کی اسپیشل ٹاسک فورس کی ایک ٹیم نے دھرم شالہ پولیس کی مدد سے جاج پور سے کچھ مشتبہ ملک مخالف عناصر کے ساتھ روابط رکھنے والے ایک کشمیری دھوکہ باز کو گرفتار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایس ٹی ایف کی ایک ٹیم نے مقامی پولیس اہلکاروں کی مدد سے اور گواہوں کی موجودگی میں ہفتہ کو جاج پور ضلع کے تھانہ دھرم شالہ کے تحت نیل پور میں چھاپہ مارا اور37سالہ سید ایشان بخاری عرف ایشان بخاری عرف ڈاکٹر ایشان بخاری کو گرفتار کیا۔سید ایشان بخاری ولد سید سیف الدین بخاری جو جموں و کشمیر کے کپواڑہ سے تعلق رکھتے ہیں، اس وقت جاج پور ضلع کے دھرم شالہ پولیس اسٹیشن کے تحت نیولاپور میں مقیم ہیں۔نیوزرپورٹ میں مزید بتایاگیا ہے کہ سید ایشان بخاری کو نقالی، دھوکہ دہی، جعلسازی اور ملک دشمن عناصر کےساتھ روابط کی دفعہ 419،420، 465 ،467،468،471،120Bآئی پی سی کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔
رپورٹ کےمطابق چھاپے کے دوران100 سے زائد دستاویزات سمیت کئی اشتعال انگیز مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ ایس ٹی ایف نے کہا کہ ملزم نیورو سپیشلسٹ ڈاکٹر، آرمی ڈاکٹر، وزیر اعظم کے دفتر میں ایک افسر، این آئی اے کے کچھ اعلیٰ عہدے داروں کے قریبی ساتھی کے طور پر نقالی کرتا ہوا پایا گیا۔اوڈیشہ ایس ٹی ایف نے کہاکہ اس کے قبضے سے متعدد جعلی دستاویزات جیسے کارنل یونیورسٹی آف یو ایس اے، کینیڈین ہیلتھ سروسز انسٹی ٹیوٹ، کرسچن میڈیکل کالج ویلور کی طرف سے جاری کردہ میڈیکل ڈگری سرٹیفکیٹ ضبط کئے گئے تھے۔اس کے قبضے سے کچھ خالی دستخط شدہ دستاویزات، حلف نامے، بانڈز، کئی شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ، بلینک چیک، آدھار کارڈ، وزیٹنگ کارڈز بھی ضبط کیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پتہ چلا کہ ملزم نے کشمیر، اتر پردیش، مہاراشٹر اور اڈیشہ سمیت ہندوستان کے مختلف حصوں سے کم از کم چھ سے سات لڑکیوں سے شادی کی ہے۔ وہ مختلف ویب سائٹس، ایپس پر بھی سرگرم تھا اور بین الاقوامی ڈگریوں کے ساتھ ڈاکٹر کے روپ میں کئی لڑکیوں کے ساتھ رومانوی تعلقات میں تھا۔ایس ٹی ایف کو تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ بخاری کیرالا کے مشتبہ افراد اور کچھ پاکستانی شہریوں سے بھی رابطے میں تھے۔ملزم کشمیر پولیس کو دھوکہ دہی اور جعلسازی کے معاملے میں بھی مطلوب ہے اور اس کے خلاف ایک غیر ضمانتی وارنٹ زیر التوا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ (ایجنسیاں)
Comments are closed.