کپوارہ میں آتشزدگی، ایک رہائشی مکان اور کم سے کم دو درجن دکان خاکستر

سری نگر، 4 جنوری

شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے قدیم بس اڈے کی ڈار گلی میں جمعرات کی علی الصبح آگ کی ایک بھیانک واردات میں ایک رہائشی مکان اور کم سے کم دو درجن دکان خاکستر ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے قدیم بس اڈے میں جمعرات کی علی الصبح آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان اور کم سے کم دو درجن دکان خاکستر ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمے کی گاڑیاں اور عملہ موقع پر پہنچا اور آگ کو قابو میں کر لیا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ کی وجہ سے لاکھوں روپیے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔دریں اثنا حکام نے جائے واردات پر پہنچ کر نقصان کا جائزہ لیا۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔بتادیں کہ یونین ٹریٹری بالخصوص وادی کشمیر میں موسم سرما شروع ہونے کے بعد آگ کی وارد داتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

وادی کے کسی نہ کسی گوشے میں آگ کی وار داتوں کی خبریں آئے روز اخباروں کی زینت بنتی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سردیوں میں استعمال کئے جانے والے الیکٹرک یا گیس پر چلنے والے آلات کا مناسب اور احتیاط سے استعمال ان وارداتوں میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں وکشمیر میں سال 2023 کے ماہ جنوی سے ماہ نومبر تک آتشزدگی کے زائد از 22 سو واقعات پیش آئے جس دوران 1462 ڈھانچوں کا نقصان پہنچا جبکہ 9 جانیں بھی تلف ہوئیں اور اس دوران 36 جنگلوں میں بھی آگ لگ گئی۔یو این آئی

Comments are closed.