کٹھوعہ جھڑپ:عمر عبداللہ، سریندر چودھری نے پولیس اہلکار جگبیر سنگھ کی میت پر پھول مالائیں چڑھائیں

جموں، 29 مارچ

جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ہفتے کو ضلع پولیس لائنز جموں میں کٹھوعہ انکائونٹر میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار جگبیر سنگھ کی میت پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری ہفتے کی صبح ضلع پولیس لائنز جموں پہنچے اور وہاں جگبیر سنگھ کی میت پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پولیس ہیڈ کانسٹبل جگبیرسنگھ کٹھوعہ انکائونٹر کے دوران جاں بحق ہوئے۔جگبیر سنگھ کا تعلق جموں کے اکھنور سب ڈویژن کے کھور تحصیل کے مٹو گائوں سے ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ نالین پربھات نے جمعہ کی شام میڈیا کو بتایا کہ کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقے میں انکائونٹر کے دوران چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے جبکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ بھی مارے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے اور ہفتے کی دوپہر تک صورت حال مکمل طور پر واضح ہو جائے گی۔
کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقے میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم چھڑ گیا تھا۔ذرائع کے مطابق تصادم چھڑنے کے بعد سیکورٹی فورسز کے دستوں نے کئی کلومیٹر جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کردیا۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹنٹوں کو بے اثر کرنے کے لئے ہیلی کاپٹروں، کواڈ کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.