
کٹھوعہ اور سانبہ میں بڑے پیمانے پر ملی ٹینٹ مخالف آپریشن کا آغاز
جموں، 31 مارچ
جموں و کشمیر کے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے پیش نظر کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد سے متصل جنگلاتی علاقوں میں تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح، سیکورٹی فورسز نے متعدد جنگلاتی علاقوں کو سیل کر کے فرار کے تمام ممکنہ راستوں پر سخت نگرانی قائم کر دی ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق، کٹھوعہ کے سفیان جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم میں دو دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد آپریشن تاحال جاری ہے۔ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کے لیے این ایس جی کمانڈوزکی خدمات کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
مزید برآں، بین الاقوامی سرحد کے متصل علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔قابل ذکر ہے کہ کٹھوعہ کے سفیان جنگلاتی علاقے میں چند روز قبل ہونے والے خونین تصادم میں چار پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، جبکہ جوابی کارروائی میں دو پاکستانی ملی ٹینٹ مارے گئے۔ذرائع کے مطابق، علاقے کے مقامی افراد نے جنگلی علاقے میں پانچ ملی ٹینٹوں کو دیکھا تھا، جس کے پیش نظر جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے مزید تین دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے۔
Comments are closed.