کورونا وائرس کیخلاف سعودی عرب کا اعلان جنگ:شاہ سلمان

ریاض ؍ نئی دہلی: سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف سعودی عرب اعلان جنگ کرتا ہے۔ عالم عرب کے بشمول آج ساری دنیا مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ سعودی سرزمین پر تمام شہریوں اور اُن کے مکینوں کو باوقار زندگی گزارنے کے لئے خوراک، ادویہ سمیت تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ سعودی عرب دنیا میں اِس وقت ایک مشکل دور کا سامنا کررہا ہے۔ ہم اللہ تعالیٰ پر یقین رکھتے ہیں کہ وہ اِس مشکل دور سے ہم تمام کو نکالے گا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہاکہ ہمیں اللہ سبحانہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ ہے اور ہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے وہ تمام اقدامات کررہے ہیں جو ہمیں کرنے چاہئے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جارہی ہیں۔ شہریوں اور مکینوں کو باوقار زندگی گزارنے کے لئے تمام ضروری اشیاء مہیا کی جارہی ہیں۔ سعودی عوام سے راست مخاطب ہوکر اُنھوں نے کہاکہ وہ اِس مشکل گھڑی میں اپنے عزم اور حوصلے پر بھروسہ رکھیں اور اپنی اجتماعی ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری حفاظت فرمائے اور ہمیں اپنی بہتر نعمتوں سے نوازے۔ اُنھوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہاکہ سعودی عرب اِس جان لیوا وباء سے نمٹنے اور اِس کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کررہا ہے۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کی مدد اور اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ ہے۔ شاہ سلمان نے سعودی عوام اور ساری دنیا کے انسانوں کو یقین دلایا کہ اللہ تعالیٰ ہم تمام کو اِس مشکل مرحلہ سے گزار دے گا۔ اِسی دوران سعودی عرب نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جاری عالمی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کے خلاف بین الاقوامی اور علاقائی جنگ کے لئے ہندوستان ایک اہم اثاثہ ہے۔ عالمی برادری کو کورونا وائرس کے اثرات سے چھٹکارا دلانے کے لئے سعودی عرب بھی پیش پیش ہے۔ G-20 گروپ کی قیادت کرنے والے سعودی عرب نے کہاکہ آنے والے دنوں میں عالمی چیلنج کے طور پر سامنے کھڑے کورونا وائرس کا آہنی پنجوں سے مقابلہ کیا جائے گا۔ سعودی عرب کے سفیر برائے ہند سعود بن محمد السطی نے ایک انٹرویو میں تیقن دیا کہ خلیجی ملک سعودی عرب میں مقیم غیر مقیم شہریوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکنہ کوشش کررہا ہے۔ خاص کر ہندوستانی شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر ترجیح دی جارہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ولیعہد شہزادہ سعودی عرب محمد بن سلمان سے کل ہی ٹیلیفون پر بات چیت کی اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے عالمی چیلنج کا مل جل کر سامنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اِس بات چیت کے دوسرے دن سفیر سعودی عرب متعینہ ہند نے کہاکہ سعودی عرب کے خیال میں ہندوستان سعودی عرب کا اہم اسٹراٹیجک پارٹنر ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی اور علاقائی مربوط کوششوں میں اہم اثاثہ بھی ثابت ہورہا ہے۔ السطی نے مزید کہاکہ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم مودی کی بات چیت کے دوران G-20 کانفرنس کے اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب اِس وقت G-20 گروپ کی میزبانی کررہا ہے۔ آئندہ ہفتہ G-20 قائدین کی چوٹی کانفرنس منعقد کی جارہی ہے جس میں رکن ممالک کے ساتھ باہمی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ Covid-19 وباء کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے لئے پیشرفت کی جائے گی۔ اِس کانفرنس میں وائرس کے انسانوں اور معیشت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔ G-20 وزرائے فینانس اور سنٹرل بینک کے گورنرس، سینئر ہیلت محکموں اور بیرونی اُمور کے عہدیداروں کے ساتھ ملکر ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ سعودی عرب وباء سے نمٹنے کے لئے تمام اداروں بالخصوص محکمہ صحت کے ماہر عملہ کی شاندار خدمات کی ستائش کرتا ہے اور انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ سعودی فرمانروا نے کہاکہ آنے والا مرحلہ موجودہ صورتحال سے زیادہ مشکل ہوسکتا ہے۔ اِس لئے ہمیں تیزی سے پھیلنے والی اِس وباء سے جنگی خطوط پر نمٹنا ہوگا۔

Comments are closed.