کورونا وائرس: سرینگر کے صدر اسپتال میں او پی ڈی بند

تہاڑ جیل میں قیدیوں سے ملاقات کا عمل 31مارچ تک معطل

سرینگر/: سری نگر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر حکام نے جمعرات کے روز ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں او پی ڈی سیکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ادھر تہاڑ جیل حکام نے جیل میں کورونا وائرس پھیلنے سے بچنے کے لئے احتیاطی اقدام کے طور پر قیدیوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کوجمعرات سے 31 مارچ تک معطل کردیا۔ سی این آئی کے مطابق سری نگر میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر حکام نے جمعرات کے روز ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں او پی ڈی سیکشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،متعد د بار رابطہ کرنے پر پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر سمیہ راشد اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال ڈاکٹر نذیر چودھری نے اس بارے میں کوئی واضح جواب نہیں دیا۔ہسپتال کے متعدد ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق کی کہ او پی ڈی کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے بند کردی گئی ہے اور لوگوں کو انتظامیہ سے تعاون کرنا چاہئے۔ادھر تہاڑ جیل حکام نے جیل میں کورونا وائرس پھیلنے سے بچنے کے لئے احتیاطی اقدام کے طور پر قیدیوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کوجمعرات سے 31 مارچ تک معطل کردیا۔جیل کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ قیدیوں کے وکلا کے ساتھ ان کی ملاقات پر پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کو فون کالنگ کا نظام جس سے قیدی اپنے اہل خانہ کے ممبروں سے دو نمبروں پر روزانہ پانچ منٹ تک بات چیت کرسکتے ہیں ، مروجہ قانون کے مطابق جاری رہے ۔

Comments are closed.