کنگن میں طلبہ و طالبات کا محکمہ سکول ایجوکیشن کے خلاف احتجاج 

سرینگر سونہ مرگ سڑک پر دھرنا اور نعرہ بازی ، ٹریفک گھنٹوں رہا معطل

سرینگر/16نومبر/سی این آئی/ ٹیچر کو ’’اٹیچ‘‘کرنے کے خلاف کنگن میں سکولی طلبہ اور والدین نے سرینگر سونہ مرگ شاہراہ پر زبردست احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے محکمہ سکول ایجوکیشن کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وسطی ضلع گاندربل کے ہائن کنگن میں سکولی طلبہ اور ان کے والدین نے سرینگر لہہ شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی نقل و حمل کئی گھنٹوں تک روک دی ۔ احتجاج کرنے والوں الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف ایجوکیشن گاندربل نے ایک اسکولی استاد کو بنا کسی غلطی کے منسلک کیا جس کی وجہ سے ہمیں آج مجبور سڑکوں پر نکلنا پڑا۔ احتجاج کرنے والوں نے محکمہ ایجوکیشن اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلال احمد نامی استادکے خلاف منسلک کرنے کے احکامات کو فوری طور پر واپس لے اطلاعات کے مطابق سرینگر سونہ مرگ سڑک پر سفر کرنے والے مسافر گاڑیوں اور باہر سے آئے ہوئے سیاحوں کو کئی گھنٹے درماندہ ہونا پڑا جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کرنے والے طلبہ اور ان کے والدین نے کہا کہ کنگن ہائن سکول میں تعینات مذکورہ ٹیچر قابل اور ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی ڈیوٹی بخوفی انجام دے رہا ہے اور اس کو بغیر کسی غلطی کے اٹیچ کرنا ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔ احتجاجی طلبہ نے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ ذمہ داروں سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کام چور اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے تاہم ایماندار اور محنتی اساتذہ کو سزا دی جاتی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ اُستاد کے خلاف کی گئی کارروائی کو فوری طور پر معطل کیا جائے ۔ بصورت دیگر سکول میں درس و تدریس کا کام متاثر رہیگا۔

Comments are closed.