کنگن میں سڑک حادثہ :تین سیاحوں سمیت چار افراد از جاں، 17دیگر زخمی

سری نگر ،23مارچ

جموں و کشمیر کے وسطی ضلع گاندربل کے گنڈ کنگن علاقے میں اتوار کی صبح ایک مسافر بردار بس اور نجی گاڑی کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی، جس کے نتیجے میں تین سیاحوں سمیت چار افراد ہلاک جبکہ 17 دیگر مسافر شدید طورپر زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق، اتوار کی صبح کنگن کے گنڈ علاقے میں اس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب ایک مسافر بردار بس اور مخالف سمت سے آنے والی نجی گاڑی کے درمیان زوردار ٹکر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی آر پی ایف کے جوان، اور مقامی افراد نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ٹیوٹا گاڑی میں سوار زخمی سیاحوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے تین سیاحوں اور مقامی ڈرائیور کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت لیشائی آشش پری، نکی آشش پری، ، ہیتل آشیش پری ساکنان مہاراشٹریہ اور فہیم احمد بڈیاری ولد نذیر احمد ساکن سوئی ٹینگ سری نگر کے بطور کی گئی ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ مسافر بردار گاڑی میں سوار 17 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے کنگن ٹروما اسپتال منتقل کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، حادثہ انتہائی بھیانک تھا، اور جس گاڑی میں سیاح سوار تھے، وہ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
دریں اثنا پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

Comments are closed.