کملا کوٹ اوڑی میں سنائپر حملہ 2فوجی شدید طور پر زخمی /دفاعی ترجمان

پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا گیا

سرینگر؍05دسمبر ؍ جے کے این ایس؍ کملا کوٹ اوڑی میں پاکستانی رینجرس کے سنائپر حملے میں 8آر آر سے وابستہ 2فوجی شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں نازک حالت میں بادامی باغ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لائن آف کنٹرول کے نزدیک فوجی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اس دوران اچانک سنائپر رائفل سے دو اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس دوران کئی گھنٹوں تک گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ جے کے این ایس کے مطابق کملا کوٹ اوڑی میں حد متارکہ کے نزدیک اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب پاکستانی رینجرس کے سنائپر حملے میں دو فوجی شدید طورپر زخمی ہوئے اور انہیں نازک حالت میں بادامی باغ اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 8آر آر سے وابستہ دو اہلکار حد متارکہ کے نزدیک معمول کے مطابق گشت لگا رہے تھے کہ اس دوران تاک میں بیٹھے پاکستانی رینجرس نے فوجیوں کو سنائپر رائفل سے نشانہ بنایا جس کی وجہ سے دونوں خون میں لت پت ہوئے۔ اس دوران آس پاس موجود اہلکاروں نے بندوقوں کے دہانے کھولے اور پاکستانی بینکروں پر تابر توڑ فائرنگ کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پاک بھارت افواج کے درمیان مسلسل دو گھنٹے تک شدید گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سرحد کے نزدیک رہائش پذیر لوگ گھروں میں سہم کررہ گئے۔ دفاعی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ کملا کوٹ اوڑی میں سنائپر حملے میں دو فوجی جن کی شناخت نائیک ایم ولین اور سپاہی وشیو ناتھ کے بطور ہوئی ہے زخمی ہوئے۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دیا گیا۔ واضح رہے کہ پچھلے کئی مہینوں سے لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر پاکستانی رینجرس نے سنائپر رائفلوں سے فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اب تک پانچ اہلکار ہلاک جبکہ درجن بھر زخمی ہوئے ہیں۔

Comments are closed.