کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں جاری

سری نگر ،3 مارچ

وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی پہاڑی علاقوں میں بر ف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کے پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پہاڑی علاقوں میں بھاری برف و باراں اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس وجہ سے درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔شہرہ آفاق گلمرگ میں تین سے چار فٹ ، سونہ مرگ میں چار فٹ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع سے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ چرار شریف تحصیل کے کنہ دجن، دارون، پکھر پورہ، نوگام ، دودھ کھتو میں ایک سے دو فٹ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے جس وجہ سے ان علاقوں میں لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔

دریں اثنا گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 38.9ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Comments are closed.