کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف وباراں کی پیشگوئی، سرینگر میں رواں سیزن کی سرد ترین رات ریکارڈ

سری نگر،21 نومبر

وادی کشمیر میں جہاں سردی کا زور تیز تر ہو رہا ہے وہیں سری نگر میں ایک سرد ترین رات ریکارڈ ہونے کے بیچ کئی علاقوں میں منگل کی صبح بھی کہر چھایا رہا جس نے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کئے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں رواں سیزن کی ایک اور سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے منفی 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔سرحدی ضلع کپواہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ادھر خشک موسم کے بیچ محکمہ موسمیات نے برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 23 نومبر کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد 24 سے 26 نومبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کی ہی توقع ہے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں 27 سے 30 نومبر تک موسم ابر آمود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔

Comments are closed.