کشمیر کی آزادی کے حق میں آفریدی کے بیان پر وزیر داخلہ کاشدید ردعمل /راجناتھ سنگھ

ٹھیک کہہ رہے ہیں آفریدی، وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے، کشمیر کیا سنبھالیں گے

سرینگر/15نومبر: کشمیر کو آزاد چھوڑنے کے حوالے سے گذشتہ روز شاہد خان آفریدی کے بیان پر جہاں سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث و مباحثہ جاری ہے اور نیشنل میڈیا نے اس بات پر سخت شورمچایا ہے وہیں آفریدی کے بیان پر بھارتی وزیر داخلہ نے بھی لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ آفریدی نے صحیح کہا کہ پاکستان کشمیر کو کیا سنبھالے گا۔ کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے جس کو کوئی الگ نہیں کرسکتا ہے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق کشمیر پر اپنی رائے رکھنے کے بعد سوشل میڈیا پر تیکھی تنقید کا شکار ہو رہے پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی کے بیان پر اب وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے آفریدی کے بیان پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں، وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے ہیں تو کشمیر کیا سنبھالیں گے؟ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا، "آفریدی نے بات تو بہت ٹھیک کہی ہے۔ وہ پاکستان نہیں سنبھال پا رہے، کشمیر کیا سنبھال پائیں گے۔ کشمیر بھارت کا حصہ تھا، ہے اور رہے گا۔پچھلے کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی شاہد آفریدی کا ایک ویڈیو بہت وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ یہ کہتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں کہ ’’ پاکستان کو کشمیر نہیں چاہئے۔ پاکستان سے خود کے چار صوبے نہیں سنبھل رہے۔ اس لئے کشمیر کو آزاد ملک بننے دو۔ انسانیت سب سے بڑی چیز ہوتی ہے۔ کشمیر میں لوگ مر رہے ہیں جو کہ افسوسناک ہے۔ کسی بھی برادری میں کسی بھی کی موت ہوتی ہے تو وہ تکلیف دہ ہے۔ پاکستان کو نہیں چاہئے کشمیر۔ کشمیر ایک الگ ملک بنے۔ کم از کم انسانیت تو زندہ رہے‘‘۔اس کے بعد سے سوشل میڈیا پرآفریدی کی زبردست تنقید ہو رہی ہے۔ ہر طرف سے ہو رہی تنقیدوں کے درمیان شاہد نے اپنی صفائی میں ایک بیان بھی جاری کیا۔ انہوں نے کہا، ‘میرا بیان غلط تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی نے لکھا، ‘ہندوستانی میڈیا کی طرف سے میرے بیان کو غلط طریقہ سے پیش کیا جا رہا ہے۔ میں اپنے ملک کے بارے میں پرجوش ہوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو بہت اہمیت دیتا ہوں۔ انسانیت کو جیتنا چاہئے اور انہیں اپنے حقوق حاصل کرنے چاہئیں‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں، آفریدی نے لکھا، ‘میری کلپ نامکمل اور سیاق وسباق سے باہر ہے۔ جو میں میں نے پہلے کہا تھا وہ غائب ہے۔ کشمیر ایک غیر حل شدہ تنازعہ اور ظالمانہ ہندوستانی قبضے کے تحت ہے۔ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق، اسے حل کیا جانا چاہئے‘‘۔ انہوں نے لکھا ’’میں بھی ہر پاکستانی کی طرح کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہوں۔ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے‘‘۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی آفریدی کشمیر پر اپنے رائے رکھ چکے ہیں۔ انہوں نے اس وقت بھی انسانیت کی بات کہتے ہوئے کشمیر کی آزادی کی بات کہی تھی۔

Comments are closed.