کشمیر میں موسم میں بہتری درج، 9 مارچ تک خشک رہنے کا امکان

سری نگر، 4 مارچ

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر برف و باراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 9 مارچ تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وادی میں برف و باراں کے ایک اور مرحلے کا امکان ہے جو 10 مارچ سے 12 مارچ تک رہ سکتا ہے۔
محکمے کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 30 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران پہلگام، کوکرناگ اور کپوارہ کے پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
سری نگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وسیع پیمانے پر رک رک کر بارشیں ہوئیں۔
س دوران سیاحتی مقام گلمرگ میں سب سے زیادہ 29.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں 22.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 12.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران کپوارہ اور کوکرناگ میں بالترتیب19.9 ملی میٹر اور 19.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول کے مطابق ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کوکر ناگ میں بھی کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحضدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
ادھر وادی میں منگل کو صبح سے ہی موسم جزوی ابر آلود رہا اور آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کامیاب کوششیں کیں۔

Comments are closed.