
کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری کے باوجود سردیوں کا زور جاری، پہلگام سرد ترین جگہ
سرینگر،15 دسمبر
وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے کے با وصف ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے جس سے لوگ گونا گوں مشکلات سے دو چار ہو رہے ہیں۔ادھر اطلاعات کے مطابق شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے جمعہ کی صبح کئی علاقوں میں آبی ذخائر اور شہرہ آفاق جھیل دل کے بعض حصے منجمد ہوئے تھے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجیہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں24 دسمبر موسم سرد مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تاہم اس دوران وادی کے پہاڑی علاقوں میں 16 دسمبر کی رات کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں 17 سے 24 دسمبر تک وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں صبح کے وقت معمولی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔سردی میں اضافہ کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح اور شام کے اوقات میں گھروں سے باہر آنے سے احتراز کریں۔
Comments are closed.