کشمیر میں بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ درج

سری نگر، 4 جون

محکمہ موسمیات کی طرف سے رک رک کر بارشوں کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں مزید اضافہ درج ہوا ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 4 سے 7 جون تک گرج چمک کے ساتھ رک رک کر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے اور اس دوران کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 8 سے 13 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا کہ وہ 5 اور 6 جون کو اپنے آپریشنز چلانے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ جموں میں 2 سے 4 جون تک ہیٹ ویو جاری رہ سکتی ہے جبکہ کشمیر میں اگلے 8 دنوں کے دوران اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دریں اثنا وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بھی ایک بار پھر اضافہ درج ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 14.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 14.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتری مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت11.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

Comments are closed.