کشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان
سری نگر، 25 مارچ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان ہے جس کا زیادہ تر اثر شمالی اور وسطی کشمیر میں رہ سکتا ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ 26 اور 27 مارچ کو اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام معطل رکھیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 25 مارچ کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 اور 27 مارچ کو برف و باراں کا ایک اورمرحلہ متوقع ہے جو 26 مارچ کی دوپہر سے شام تک اور 27 مارچ کی دوپہر سے شام تک جاری رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس دوران خاص طور پر شمالی اور وسطی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے اور پھر 28 مارچ سے 3 اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں مسافروں، سیاحوں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزریز پر عمل کریں۔
ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 26 اور 27 مارچ کو اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز معطل رکھیں۔
دریں اثنا وادی کے میدانی علاقوں میں منگل کو موسم خشک مگر ابر آلود رہا اور اس بیچ کسانوں کو اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
Comments are closed.