کشمیر میں امسال چلہ کلان خشک اور قدرے گرم رہنے کا امکان/ماہر موسمیات

سرینگر/14 دسمبر
وادی کشمیر میں گرچہ شبانہ سردیوں کا زور تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے تاہم ماہرین موسمیات کے مطابق وادی میں امسال موسم سرما کے دوران موسم نہ صرف خشک رہنے کا امکان ہے بلکہ دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے کی بھی توقع ہے۔معروف ماہر موسمیات فیضان عارف کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری تازہ موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں وکشمیر میں امسال موسم سرما (دسمبر تا فروری) نہ صرف خشک رہنے کا امکان ہے بلکہ اس دوران دن کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ بھی درج ہوسکتا ہے۔انہوں نے یو این ا?ئی کو بتایا کہ امسال موسم سرما کے تین مہنیوں کے دوران دن کے درجہ حرارت میں ڈیڑھ سے تین ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران بھی موسم سرما کے دوران بارشیں معمول سے کم ہوئیں اور یہ سلسلہ امسال بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔موصوف ماہر موسمیات نے کہا کہ تازہ موسمی حالات کے پیش نظر وادی میں دسمبر کے اختتام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا ہی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سرما کے دوران بارشوں کی کمی کے نتیجے میں موسم گرما میں پانی کی قلت پیدا ہوجاتی جس سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سال 2019- 2020 کے موسم سرما کے دوران جموں وکشمیر میں ماہ دسمبر میں 58.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ ماہ جنوری میں 87.3 ملی میٹر اور ماہ فروری میں 35.3 مل میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح سال2020 – 2021 کے موسم سرما میں ماہ دسمبر میں 64.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ماہ جنوری میں 93.1 اور ماہ فروری میں 130.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ سال2021 – 2022 کے ماہ سرما کے دوران مجموعی طور پر 288.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول سے کم تھی۔فیضان عارف نے کہا کہ سال رواں کے موسم سرما کے دوران بھی بارشیں کم ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں مطلع صاف رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج ہوسکتی ہے تاہم دن کے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

Comments are closed.