
کشمیر :سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات، اضافی دستوں کی تعیناتی
سری نگر27 اکتوبر
وادی کشمیر کے قرب وجوار میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے اتوارکے روز مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بتایا کہ تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔
موصوف نامہ نگار نے کہا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی تھی اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے حدود میں داخل ہونے والی نجی اورمسافر بردار گاڑیوں کو بھی بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سری نگر کے مضافاتی علاقوں جن میں زکورہ ، گلاب باغ، پاندچھ ، آلسٹینگ اور ناگہ بل علاقے شامل ہیں، میں دو پہیہ گاڑیوں جن میں خاص کر موٹر سائیکل شامل ہیں کو روک کر ان میں سوار افراد کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گگن گیر سونہ مرگ اور گلمرگ میں ہوئے حملوں کے بعد وادی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ یونیفائیڈ ہیڈ کواٹر کی میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس اور دیگر سلامتی اداروں کے آفیسران کو حکم دیا کہ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز میں تیزی لائی جائے جبکہ رات کا گشت بھی بڑھایا جائے۔
Comments are closed.