کشمیر ٹریڈ الائنس کی کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی حمایت
سرینگر: کشمیر ٹریڈ الائنس نے کم عمر بچوں کے بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے کے خلاف جاری ٹریفک انفورسمنٹ کارروائیوں کی بھرپور حمایت کی، اور سڑکون پر احتیاط اور ذمہ دار شہریوں کا کردار نبھانےکی ضرورت پر زور دیا۔
کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدراعجاز شہدار نے ایک بیان میں کم عمر بچوں کے گاڑیاں چلانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "یہ بہت افسوسناک ہے کہ کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں حادثات کی شرح میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔”شہدار نے حالیہ دلخراش واقعہ، ٹنگاپورہ حادثہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جس میں دو کم عمر بچوں کی جان گئی۔ "یہ دلگداز واقعہ ہمارے پورے معاشرے کے لیے ایک فوری اور اہم سبق ہے،”
شہدار نے ٹریفک پولیس کی کارروائی کی تعریف کی، خاص طور پر ایس ایس پی ٹریفک سٹی، مظفر شاہ کی قیادت میں، جنہوں نے کشمیر میں سڑک کے حادثات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے بے احتیاط ڈرائیونگ کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر نے خاص طور پر کاروباری برادری سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین مسئلے کو حل کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے والدین اور کاروباری مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے سے روکیں، کم عمر ڈرائیونگ کے شدید خطرات سے آگاہی پیدا کریں، اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں تاکہ سڑک کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔شہدار نے کہا کہ کشمیر ٹریڈ الائنس پولیس کی کارروائی کی حمایت کرتا ہے اور اسے نوجوان زندگیوں کے تحفظ اور معاشرے کی حفاظت کے لیے ضروری قدم سمجھتا ہے۔
Comments are closed.