کشمیری نوجوان کولکاتا میں محفوظ، پولس کمشنر انوج شرما کی یقین دہانی
کولکاتا: گزشتہ ہفتہ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد ملک بھر میں کشمیری مسلم نوجوانوں پر حملے کی خبروں کے درمیان نومنتخب کولکاتا پولس کمشنر انوج شرمانے یقین دہانی کرائی ہے کہ "وادی کے نوجوان کولکاتا میں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ ان کی حفاظت کے لئے ہر ممکن سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔
نئے پولس کمشنر انوج شرما نے کولکاتا پولس کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کہا کہ کشمیری نوجوان یہاں محفوظ ہیں، میں نے افسران کے ساتھ میٹنگ کرکے اس کا جائزہ لیا ہے، ہم نے ان علاقوں کی شناخت کرلی ہے جہاں کشمیری رہتے ہیں، ہم ان سے رابطہ کرکے انہیں سیکورٹی دے رہیں، یقین کریں کہ وہ یہاں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ 22سالوں سے کولکاتا میں مقیم کشمیری ڈاکٹر نے دعویٰ کیا تھا کہ پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے کے ایک دن بعد ہی محلے کے ہی کچھ نوجوان انہیں کولکاتا چھوڑ کر چلے جانے کے لئے دھمکی دینے لگیں ہیں اور ان کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے نہیں لینے پر خراب نتائج کا سامنا کرنے کی وارننگ دی جارہی تھی۔ ڈاکٹر کی شکایت پر شرپسند عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔
Comments are closed.