کشمیری نوجوانوں نے جمہوری عمل میں حصہ لے کر دہشت گردی کو مسترد کیا : جے پی نڈا

جموں27 ستمبر

بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے جموں وکشمیر میں ہو رہے اسمبلی انتخابات کو پر امن الیکشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یونین ٹریٹری کے لوگوں نے بلٹ کو رد کرکے بیلٹ کا انتخاب کیا ہے اور اب یہ لوگ امن اور ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی علیحدگی پسندوں اور دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہیں۔

ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کے نوجوانوں نے دہشت گردی اور تشدد کو خیر باد کہہ کر قومی دھارے میں شمولیت اختیار کی ۔

جے پی نڈا نے کہا :’جموں وکشمیر کے لوگوں نے بلٹ کو رد کرکے بیلٹ کا انتخاب کیا ہے ۔‘

بی جے پی کے قومی صدر کے مطابق جموں وکشمیر میں پہلے دو مرحلوں کی پولنگ پر امن طورپر اختتام پذیر ہوئی اور اس دوران تشدد اور دہشت گردی کا کوئی واقع رونما نہیں ہوا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی زیر انتظام علاقے کے نوجوانوں نے جمہوری عمل میں حصہ لے کر امن کا راستہ چنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے نوجوانوں نے دہشت گردی کو پوری طرح سے مسترد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370کی منسوخی سے قبل جموں وکشمیر میں ہر سال تین سے چار سو نوجوان دہشت گرد صفوں میں شامل ہوتے تھے لیکن آج حالات یکسر تبدیل ہوئے ہیں کشمیر کا نوجوان اب اپنے مستقبل کی فکر میں لگا ہوا ہے ۔

نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس پر علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہاکہ تین جماعتیں ملک مخالف عناصر کی حمایت کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کے منشور میں دہشت گردوں کوجیلوں سے رہا کرنے ، آر پار تجارت شروع کرنے اور پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کرنے کی وکالت کی گئی ہے۔

غیر ملکی سفارتکاروں کے سری نگر دورے کے بارے میں جے پی نڈا نے کہاکہ مختلف ممالک کے سفیروں نے بچشم الیکشن کا مشاہدہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے چناو کے پہلے دو مرحلوں میں وزیر اعظم مودی اور ان کی پالیسیوں پر اپنا اعتماد ظاہر کیا ہے۔

Comments are closed.