کشمیری روزنامہ ” کہوٹ “ کی اشاعت کے 16سال مکمل ہونے پر تقریب
ڈاکٹر شاہد رسول نے کئی اہم شخصیات کے ہمراہ ،کہوٹ سوشل میڈیا چینل کا کیا باضابطہ طور افتتاح
سرینگر/11جولائی / کے پی ایس
کشمیری تاریخ میں کشمیری زبان کا پہلا روزنامہ ” کہوٹ “ کے 16سال مکمل ہونے پر ایک غیر معمولی تقریب کشمیر پریس سروس کے صدر دفتر پر منعقد ہوئی ۔اس 16سالہ کشمیری زبان میں صحافتی سفر کو آئندہ جاری رکھتے ہوئے سوشل میڈیاکا باضابطہ افتتاح کیا گیا ۔
معروف اسکالر اور ڈین ا کیڈیمکس ایفیئرس سنٹر ل یونیورسٹی کشمیرڈاکٹر شاہد رسول نے معروف ماہر لسانیا ت،ادیب واسکالر اورسابق پی آر او کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر شوکت شفیع مسعودی ،قومی سطح کے نامور صحافی ماجد جہانگیر ، کلچرل اکیڈیمی کے کلچرل آفیسر ڈاکٹر شبنم رفیق ،معروف ماہر تعلیم ،ماہر لسانیات اورادیب نذیر قریشی ابن شہباز اورسٹیٹ ٹیکسیز آفیسرمجید الاسلام کے ہمراہ ربن کاٹ کرباضابط طور ”کہوٹ “ سوشل میڈیا چینل کاافتتاح کیا ۔یہ تقریب کشمیر پریس سروس کے چیرمین اور کہوٹ کے مدیر اعلیٰ آکاش امین کی سربراہی ہوئی ۔تقریب کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کا فریضہ آصف اقبال نے انجام دیا ۔
تقریب پرناظم نذیر نے افتتاحی کلمات کے دوران ”کہوٹ “ اخبار کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کا استقبال کیا ۔جبکہ رحیم رضوان جو”کہوٹ“سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے سربراہ ہونگے نے نظامت کے فرائض انجام دئے اور یاسمین جان ( کہوٹ نامہ نگارہ‘) نے کشمیری زبان کے روزنامہ ”کہوٹ“ کا مختصر تعارف پیش کیا ۔اس کے بعد نذیر قریشی ابن شہباز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دور پُر آشوب میں اپنی مادری زبان کی ترقی اور ترویج کےلئے اخبار کی اشاعت کو جاری رکھنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن مدیر اعلیٰ آکاش امین ،راجہ محی الدین اورادارہ سے وابستہ دیگر کارکناں کی محنت شاقہ کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس ادارہ نے کشمیری زبان میں ” کہوٹ“ کے نام سے سوشل میڈیا چینل کو لانچ کرکے ایک سنگ میل طے کیا۔اس موقعہ پر ڈاکٹر شبنم رفیق نے کہا کہ کشمیری زبان کو زندہ رکھنے اوراس کی ترویج کےلئے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن وہ صرف زبانی خرچہ ہے جبکہ ” کہوٹ “ اخبار جو آج سولہ واں سال مکمل کررہا ہے ہی بہترین نمائندگی کررہا ہے اور ادباء،شعراءوزبان دانوں کو اس کے فروغ کےلئے آگے بڑھنا ہوگا اگر وہ واقعی کشمیر ی زبان کے خیر خواہ ہیں ۔اس موقعہ پر ماجد جہانگیر نے کہا کہ مادری زبان کو زندہ رکھنے کےلئے اس اخبار کی اشاعت واقعی ایک تاریخ ہے اور اس کی اشاعت کو جاری رکھنے کےلئے اس کی پوری ٹیم مبارکبادی کی مستحق ہے ۔اس موقعہ پر مجید الاسلام نے کہا کہ اخبار کی اشاعت عرق ریزی کا کام ہے اوراب نئے تقاضوں کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو لانچ کرنا ایک اور کامیابی ہے ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر شوکت شفیع نے اپنے زرین خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مادری زبان میں اخبار کی اشاعت کو جاری رکھنے کےلئے مدیر اعلیٰ ،مدیر ان ودیگر عملہ مبارکبادی کا مستحق ہے اور ابکشمیری زبان کے فروغ اور ترویج کےلئے ایک منظم پلیٹ فارم کا افتتاح کرنا قابل تحسین عمل ہے ۔
اپنے صدارتی کلمات میں ڈاکٹر شاہد رسول نے ادارہ کے چیرمین آکاش امین ،راجہ محی الدین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ زبانوں کا ترجمان اور صحافتی دنیا میں ایک شناخت قائم کرنے میں بہت حد تک کامیاب ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ” کہوٹ “اخبار جو آج 16واں سال مکمل کررہا ہے کی اشاعت کا چشم دید گواہ ہوں کہ کن حالات سے گذر کر اس اشاعت ابھی تک جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ” کہوٹ “ کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا افتتاح جو وقت کا تقاضا ہے کو لانچ کرکے ایک اور سنگ میل طے کردی جس کےلئے ادارہ مزید مبارکبادی کا حقدار ہے اور امید ظاہر کی کہ کشمیری زبان کی ترقی کےلئے اس سفر کو جاری رکھا جائے گا ´۔آخر پر آکاش امین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا
Comments are closed.