
کشمیر:چوبیس گھنٹوں کے دوران آتشزدگی کی وارداتوں میں چھ رہائشی مکان ،شاپنگ کمپلیکس، دو شیڈ، تین گاو خانے اور چار دکانیں خاکستر
سرینگر، 08جنوری
وادی کشمیر میں خشک سالی کے نتیجے میں ایک طرف پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے تو دوسری جانب آگ کی وارداتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی ، جنوبی اور وسطی کشمیر میں آگ کی الگ الگ وارداتوں میں چھ رہائشی مکان، شاپنگ کمپلیکس ، دو شیڈ ، تین گاوں خانے اور تین دکانیں خاکستر ہوئے ہیں۔متعلقہ محکمے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا: ‘کشمیر میں موسم سرما کے دوران ہیٹنگ آلات کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جس سے آگ لگنے کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں’۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے پلہالن پٹن میں درمیانی شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکان اور ایک شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روحی پورہ پلہالن میں شاپنگ کمپلیکس اور گنائی محلہ پٹن میں دو رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ پر قابو پایا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے مطابق جنوبی کشمیر کے نہامہ منزگام کولگام ایک رہائشی مکان خاکستر ہوا جبکہ ایس او جی کیمپ لاسی پورہ میں آگ کی ایک واردات میں عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
ان کے مطابق پائین ٹنگمرگ میں درمیانی شب آگ کی واردات میں رہائشی مکان پوری طرح سے خاکستر ہوا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گنائی محلہ ڈانگر پورہ ، سوچ کولگام میں تین گاوں خانے خاکستر ہوئے جبکہ پائین کلان مقام سوپور میں الیکٹرانک دکان اور گوشہ بوگ سوپور میں دو شیڈ بھی خاکستر ہوئے ہیں۔فائر اینڈ ایمرجنسی عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر کے بٹہ مالو علاقے میں پیر کی صبح آگ کی ایک واردات میں کم سے کم 3 سٹوروں جن میں کپڑے و دیگر ساز و سامان تھا، کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فائر ٹنڈرس جائے موقع پر پہنچے اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ایک فوجی عہدیدار نے جائے واردات پر میڈیا کو بتایا کہ صبح جب ہم نے سنا کہ آگ لگ گئی ہے تو ہم نے اپنے تمام جوانوں کو آگ بھجانے پر لگا دیا۔انہوں نے کہا کہ اسی دوران فائر ٹنڈرس بھی جائے واردات پر پہنچے اور آگ کو قابو میں کر لیا گیا۔بتادیں کہ یونین ٹریٹری بالخصوص وادی کشمیر میں موسم سرما شروع ہونے کے بعد آگ کی وارد داتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
Comments are closed.