کشمیر:میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں، اوپری پہاڑوں پر ہلکی برف باری
سری نگر29 اگست
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کو بھی وادی کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اوپری پہاڑوں پر رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں آنے والے دنوں کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران 30 اگست کو وادی میں ہلکی سے درمیانی درجے جبکہ جموں خطے میں درمیانی سے بھاری بارشیں ہوسکتی ہیں
اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں جمعرات کو بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ وادی کشمیر کے اوپری پہاڑی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہر موسمیات فیضان عارف کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سطح سمندر سے چار ہزار فٹ اونچے پہاڑی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری متوقع ہے۔
انہوں نے کہاکہ 29سے 30اگست کی درمیانی رات کو اوپری پہاڑیوں پر برف باری ہو سکتی ہے کیونکہ دن اور رات کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے اکثر علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔
ان کے مطابق 5 ستمبر تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اس دوران صبح یا شام کے وقت کہیں کہیں بوندا باندی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران تیز بارشوں کے نتیجے میں خطرناک مقامات پر سیلابی ریلے، مٹی کے تودے گر آنے ،زمین کھسکنے اور چٹانیں کھسکنے کے خطرات ہیں۔
موصوف نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اب چونکہ شدید گرمیوں کا موسم گذر گیا ہے لہذا اب گرمی کی لہر دوبارہ آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں اب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
انہوں نے کسانوں کو 31 اگست تک اپنے باغوں میں دوا پاشی کرنے سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا۔
Comments are closed.