”کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ،حکومت ملک میں ہر ایک کیلئے کام کر رہی ہے ،تیسری مدت کیلئے نیا ویژن تیار “/ وزیر اعظم مودی
سرینگر /15اپریل /
”جب میں کہتا ہوں کہ میرے پاس بڑے منصوبے ہیں، تو کسی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے“ کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ میں کسی کو ڈرانے یا بھگانے کیلئے نہیں بلکہ قوم کی فلاح و بہبود کیلئے فیصلے کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”ایک قوم، ایک انتخاب “کا نفاذ جو ان کی پارٹی بی جے پی کے انتخابی منشور میں کیے گئے کلیدی وعدوں میں سے ایک ہے، ان کی حکومت کا عزم ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مرکز نے کبھی بھی تفتیشی ایجنسیوں کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال نہیں کیا۔
انگریزی خبر رساں ایجنسی ( اے این آئی ) کے ساتھ ایک خصوصی انٹر ویو میں وزیر اعظم نریندر دمودی نے سال2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کیلئے اپنے نظریہ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا ”جب میں کہتا ہوں کہ میرے پاس بڑے منصوبے ہیں، تو کسی کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ میں کسی کو ڈرانے یا بھگانے کے لیے فیصلے نہیں لیتا، میں قوم کی فلاح و بہبود کے لیے فیصلے کرتا ہوں۔ “
انہوں نے کہا”حکومتیں ہمیشہ کہتی ہیں کہ ہم نے سب کچھ کر لیا ہے، میں نہیں مانتا کہ میں نے سب کچھ کر لیا ہے۔ میں نے سب کچھ درست سمت میں کرنے کی کوشش کی ہے، پھر بھی مجھے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ میں دیکھ رہا ہوں کہ میرے ملک کی بہت سی ضروریات ہیں“۔ مودی نے کہا کہ میں ہر خاندان کے خوابوں کو کیسے پورا کروں، اسی لیے میں کہتا ہوں کہ یہ ٹریلر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’ایک قوم، ایک انتخاب ‘کا نفاذ جو ان کی پارٹی بی جے پی کے انتخابی منشور میں کیے گئے کلیدی وعدوں میں سے ایک ہے، ان کی حکومت کا عزم ہے۔انہوں نے کہا ”ون نیشن، ون الیکشن ہمارا عزم ہے، ہم نے پارلیمنٹ میں بھی اس پر بات کی ہے، ہم نے ایک کمیٹی بھی بنائی ہے، کمیٹی نے اپنی رپورٹ بھی پیش کر دی ہے، تو ون نیشن، ون الیکشن کے حوالے سے بہت سے لوگ آئے ہیں۔ ملک میں بہت سے لوگوں نے اپنی تجاویز کمیٹی کو دی ہیں اور اگر ہم اس رپورٹ پر عمل درآمد کر سکتے ہیں تو ملک کو بہت فائدہ ہوگا“۔پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ مرکز نے کبھی بھی تفتیشی ایجنسیوں کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال نہیں کیا۔
Comments are closed.