ڈیلی ویجروں کے معاملے پر اسمبلی میں شور شرابا، بی جے پی ممبران کا واک آوٹ

جموں،11مارچ

جموں وکشمیر اسمبلی میں منگل کے روز ڈیلی ویجروں پر پولیس کی جانب سے لاٹھیاں برسانے کے خلاف بی جے پی کے ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور احتجاج کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ شور شرابے کے بیچ نیشنل کانفرنس اور بی جے پی ارکان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس دوران بی جے پی ممبران اسمبلی نے بطور احتجاج ایوان سے واک آوٹ کیا۔
اطلاعات کے مطابق منگل کے روز جوں ہی اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو بی جے پی کے ممبران اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور ڈیلی ویجروں پر لاٹھیاں برسنے کا معاملہ اٹھایا۔
بی جے پی ممبران نے سپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ڈیلی ویجروں کی جانب سے کل پر امن احتجاج کیا گیا تاہم پولیس نے ان پر ڈنڈے برسائے جس کے نتیجے میں کئی ایک کو چوٹ آئی ہے۔
بی جے پی ممبران اسمبلی نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ ڈیلی ویجروں کے جو مسائل ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے گر چہ اس معاملے پر صفائی بھی پیش کی گئی تاہم بی جے پی کے ممبران جواب سے مطمئن نہیں ہوئے اور زبردست شور شرابہ کیا۔اس دوران نیشنل کانفرنس، کانگریس کے ممبران بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوئے اور ’چور مچائے شور ‘کے نعرے بلند کئے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ بی جے پی اور نیشنل کانفرنس ارکان اسمبلی کے درمیان گرم گفتاری اور تلخ کلامی کے مناظر دیکھنے کو ملے۔ شور شرابہ کے بیچ بھارتیہ جنتاپارٹی کے ممبران نے بطور احتجاج ایوان سے واک آوٹ کیا۔

Comments are closed.