ڈوڈہ سڑک حادثے میں دو سگے بھائی لقمہ اجل
جموں، 4 نومبر
جموں وکشمیر کی سڑکوں پر خونین سڑک حادثوں کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔
ضلع ڈوڈہ میں اتوار کی رات دیر گئے ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گرنے سے دو سگے بھائی بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ڈوڈہ میں اتوار کی رات دیر گئے ایک سکارپیو گاڑی کھیلانی نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو سگے بھائیوں کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد مقامی رضاکاروں نے آپریشن شروع کرکے لاشوں کا نکالا۔
متوفین کی شناخت 29 سالہ مکیش کمار اور 24 سالہ پون کمار پسران لال چند ساکن کھیلانی کے طور پر ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈی سی ایل) میں کام کر رہے تھے اور ڈوڈہ سے کھیلانی کے لیے گھر واپس جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
دو سگے بھائیوں کی حادثاتی موت سے ان کے آبائی علاقے میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
Comments are closed.