ڈوڈہ جھڑپ: فوجی کیپٹن جاں بحق، ملی ٹینٹ ہلاک ، آپریشن ہنوز جاری :دفاعی ترجمان
جموں،14 اگست
جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے عسر جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم آرائی کے دوران فوجی کیپٹن جاں بحق ہوا ہے ۔
سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک ملی ٹینٹ بھی مارا گیا جس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ کے عسر جنگلاتی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا جس دوران فوجی کیپٹن جاں بحق ہوا ہے۔ فوجی کیپٹن کی شناخت دیپک سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ تصادم کی جگہ ایک امریکی ساخت کی رائفل اور ایک اے کے بندوق کو برآمد کیا گیا ہے۔
دفاعی ترجمان کے مطابق دیپک آپریشن کے دوران اپنی پارٹی کی قیادت کر رہے تھے اور جوانوں کو دہشت گردوں کو ختم کرنے کے ہدایات دے رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران کیپٹن دہشت گردوں کی گولیوں سے زخمی ہوئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔
وائٹ نائٹ کورپس نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘گولیوں کے بھاری تبادلے کے بیچ عسر جنگلاتی علاقے میں آپریشن جاری ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘تلاشی پارٹی کی قیادت کرنے والا ایک افسر زخمی ہوا ہے اور جائے انکاونٹر سے جنگی سامان جیسا سٹور بر آمد کیا گیا ہے’۔
ان کا ایک اور پوسٹ میں کہنا تھا: ‘وائٹ نائٹ کے تمام رینکس کیپٹن دیپک سنگھ کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں جو زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے’۔
انہوں نے کہا: ‘وائٹ نائٹ کارپس غمزدہ خاندان تعزیت پیش کرتی ہے اور مصیبت کی ایک گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے’۔
قبل ازیں سرکاری ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جائے انکاونٹر سے ایک ایم فور رائفل اور دیگر جنگی سامان جیسا سٹور بر آمد کیا ہے جبکہ علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ہے
دریں اثنا فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچندرا نے بہادر کیپٹن دیپک سنگھ شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فوج کی شمالی کمان نے بدھ کے روز ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچھندرا اور دھروا کمانڈ کے تمام رینکس بہادر کیپٹن دیپک سنگھ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں دوران ڈیوٹی عظیم قربانی پیش کی’۔
انہوں نے کہا کہ دھروا کمانڈ مصیبت کی اس گھڑی میں غمزد خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
دفاعی ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے اور ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈوڈہ میں جاری آپریشن کے دوران ایک ملی ٹینٹ بھی مارا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مہلوک دہشت گرد کی شناخت اور اس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے جبکہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔
Comments are closed.