چھتہ بل سرینگر میں نوجوان دریائے جہلم میں ڈوب گیا
سری نگر،یکم جون
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے چھتہ بل علاقے میں ہفتے کے روز بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے مبینہ طورپر دریائے جہلم میں چھلا نگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق چھتہ بل سری نگر میں اس وقت سراسیمگی دوڑ گئی جب بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے دماغی طور کمزور نوجوان نے دریائے جہلم میں چھلانگ لگائی۔معلوم ہوا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
نزدیکی رشتہ داروں نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا 20سالہ نوجوان جو کہ دماغی طور کمزور تھا ، جے وی سی ہسپتال علاج ومعالجہ کی خاطر آیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان اپنے والد کے ہمراہ ادویات خریدنے کی خاطر ڈرگ اسٹور پر گئے اسی اثنا میں نوجوان وہاں سے بھاگ گیا چنانچہ والد اس کے پیچھے دوڑ پڑا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی ، نوجوان نے چھتہ بل کے نزدیک دریائے جہلم میں چھلا نگ لگا کر اپنی زندگی کا چراغ گل کیا۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
Comments are closed.