پہلگام دہشت گردانہ حملہ: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا سخت ردعمل

سری نگر،22اپریل

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس سفاکانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
منوج سنہا نے کہا، ’یہ حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ میں متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے کے مجرموں کو سخت سزا دی جائے گی۔‘

حکام کے مطابق، حملے کے فوراً بعد فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی ٹیمیں جائے واردات پر روانہ کی گئیں، جہاں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) اور دیگر سینیئر سکیورٹی افسران سے رابطہ قائم کر کے صورتحال کی تفصیلی رپورٹ حاصل کی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ زخمی سیاحوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ایک شدید زخمی سیاح کو گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ منتقل کیا گیا جبکہ دیگر متاثرین کو مقامی اسپتالوں میں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔

Comments are closed.