پہاڑیوں کو ریزرویشن دینے سے گجروں اور بیکروالوں کے کوٹے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا/ منوج سنہا

سرینگر/15نومبر/جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاہے کہ پہاڑی طبقہ کو ریزرویشن دینے سے گجر اور بکروال کوٹہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں کچھ سیاسی پارٹیاں محض اپنی سیاست چمکانے کےلئے غلط تبصرے کرتے ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز قبائلی طبقہ کو جنجاتیہ گورو دیوس کے موقعے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی کہا تھا کہ پہاڑیوں کو حقوق دلائے جائیں گے اور اس سلسلے میں حال ہی میں میں نے وزیر اعظم کے ساتھ بھی اس معاملے پر بات کی تھی۔ سی این آئی کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو جموں کے ایک کنونشن سنٹر میں جنجاتیہ گورو دوس منانے کی ایک تقریب میں شرکت کی۔ایل جی سنہا نے اس موقع پر قبائلیوں کو مبارکباد دی۔ انگریزوں کے خلاف بغاوت کی قیادت کرنے والے مشہور قبائلی رہنما برسا منڈا کے یوم پیدائش کے موقع کو جنجاتیہ گورو دیوس کے طور پر پورے ملک میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں تمام قبائلی بھائیوں اور بہنوں کو جنجاتیہ گورو دیوس کی مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ میں نے دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اعلیٰ کمیٹی اور زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی رپورٹ پیش کی جس پر وزیر اعظم نے عمل درآمد میں مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس سال اکتوبر کے اوائل میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ جموں و کشمیر کو یاد کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ پہاڑیوں کو ان کے حقوق دلائے جائیں گے اور گوجر اور بکروالوں کے تحفظات میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ ایل جی نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ جب امیت شاہ جی راجوری اور بارہمولہ آئے تھے تو انہوں نے کہا تھا کہ پہاڑی لوگوں کو ریزرویشن دیا جائے گا لیکن گجر بکروال اور گڈی سپی کے ریزرویشن میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی لیکن کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔ پہاڑیوں کو ان کے حقوق دیے جائیں گے اور گجر اور بیکروالوں کے ریزرویشن میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔شاہ، جو اکتوبر میں جموں و کشمیر کے 3 روزہ دورے پر تھے، جموں پہنچے جس کے بعد انہوں نے گوجر-بکروال، راجپوت، پہاڑی اور سکھوں سمیت مختلف برادریوں کے لوگوں سے ملاقات کی۔تاریخ اس وقت بنی جب شاہ نے اعلان کیا کہ پہاڑی قبائل، جو پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں، کو شیڈول ٹرائب کا درجہ دیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جسٹس جی ڈی شرما کی سربراہی میں پسماندہ طبقاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کی ہے، جس نے انتظامی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد پہاڑی قبیلے کو جلد ہی ایس ٹی کا درجہ دینے کی سفارش کی ہے۔انہوں نے گوجر بکروال اور پہاڑی قبائل کو "سرحدوں کے محافظ” قرار دیتے ہوئے ملک کی سلامتی، اتحاد اور دفاع کے لیے ان کی خدمات کو بھی یاد کیا اور کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔اس ضمن میں ایل جی موصوف نے صاف طور پر کہا کہ کچھ مفاد خصوصی رکھنے والے لیڈران اس معاملے پر محض سیاست کررہے ہیں اور اپنی دال چمکانے کےلئے اس طرح سے گجر بکروال طبقہ کو اُکسایا جارہا ہے ۔

Comments are closed.