پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری کا تبادلہ، ایک 20 سالہ نوجوان ہلاک
پونچھ ، 11 مئی : جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے گلپور سیکٹر میں گذشتہ رات بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں ایک 20 سالہ نوجواں جاں بحق ہوا۔
پولیس ذرائع نے جمعہ کی صبح یہاں یو این آئی کو بتایا ’پاکستانی فوج کی طرف سے گذشتہ رات دیر گئے قریب ساڑھے گیارہ بجے گلپور سیکٹر میں بھارتی فوج اور آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناکر ہلکے ہتھیاروں سے شدید فائرنگ شروع کی گئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے کلسن مالتی باغ ہال ڈھارہ کے رہنے والے 20 سالہ نوجوان محمد اخلاق ولد محمد صادق کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا ’علاقہ میں شادی کی ایک تقریب چل رہی تھی۔ اس دوران محمد اخلاق سٹرے بلٹ لگنے کی وجہ سے جاں بحق ہوا‘۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان 1999 ء کے تنازعے کے بعد سنہ 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا۔ تاہم جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود سرحدوں پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
یو این آئی
Comments are closed.